جموں//حکومت نے کشمیر یونیورسٹی سے کہا ہے کہ وہ طلاب کے مطالبات کو مد نظر رکھتے ہوئے انڈر گریجویٹ کورسوں کے5 ویں اور چھٹے سمسٹروں کا مشترکہ امتحان منعقد کرائیں۔یہ فیصلہ آج وزیر تعلیم سید الطاف بخاری کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران لیا گیا۔ میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر اصغر حسن سامون اور دیگر اعلیٰ افسروں نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ یونیورسٹی کے سامنے طلاب کی طرف سے یہ مطالبہ رکھا گیا کہ5 ویں اور چھٹے سمسٹروں کا امتحان جون2018 میں لیا جائے تا کہ ان کا وقت بچ سکے۔واضح رہے کہ یہ اکیڈیمک بیچ جولائی۔ اگست 2015 میں شروع ہوا تھا اور اسے جولائی2018 تک مکمل کیا جائے گا۔یونیورسٹی نے کالج پرنسپلوں کی مشاورت کے بعد ایک قرار داد پاس کی اور حکومت نے اس کے ساتھ ارفاق کیا۔دریں اثنا وزیر موصوف نے کشمیر یونیورسٹی کے کام کاج کا بھی جائیزہ لیا۔ میٹنگ میں کشمیر یونیورسٹی کے وی سی اور دیگر فکیلٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر یونیورسٹی سے جڑے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔وزیر نے کالجوں کی طرف سے لئے جانے والے بیڈ فیس میں جموں کے کالجوں کی طرز پر معقولیت لانے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے اس حوالے سے فوری کاروائی کرنے پر زور دیا۔