غلام محمد
سوپور//انٹر سکول کلسٹر سطح کا کبڈی ٹورنامنٹ پیر کو گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول (بوائز)سوپور میں اختتام پذیر ہوا۔ فائنل میچ میں گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری سکول سوپور اور جی ایم ای ٹی نوپورہ سوپور کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا۔دونوں ٹیموں نے میچ کے آغاز سے ہی شاندارکھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کی داد حاصل کی۔ گورنمنٹ بوائز ایچ ایس ایس سوپور کی حکمت عملی اور مسلسل ٹیم ورک نے انہیں جیت دلائی۔اس موقع پر سوپور کے ایم ایل اے ارشاد رسول کار بطور مہمان خصوصی تھے۔ ایم ایل اے کار نے جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد دی اور کھیلوں اور صحت مند مقابلہ کو فروغ دینے کے لیے تمام حصہ لینے والے اسکولوں کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے نوجوانوں کی تشکیل میں کھیلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹ نہ صرف جسمانی قوت پیدا کرتے ہیں بلکہ طلبا میں نظم و ضبط اور ٹیم ورک کو بھی فروغ دیتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں انعامات اور خصوصی یادگاری نشانات پیش کیے گئے۔اس موقع پر موجود تمام معززین نے پرنسپل بی ایچ ایس ایس سوپور اور کلسٹر ہیڈ مسٹر مشتاق سوپوری کو مسلسل تین سال تک اس روایتی کھیلوں کے ایونٹ کو کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی۔