نیوز ڈیسک
سری نگر//جموں وکشمیر کے جنوبی ضلع اننت ناگ کے دیلگام علاقے میں آلٹو گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں اُس میں سوار ڈرائیور کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دیلگام اننت ناگ میں اتوار کی سہ پہر کو ایک آلٹو زیر نمبر (JK02AT-8004) ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر اُلٹ گئی جس وجہ سے اُس میں سوار ڈرائیور شدید طورپر زخمی ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی ڈرائیور کو ہسپتال پہنچایا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
متوفی ڈرائیور کی شناخت خالد احمد نجار ولد مختیار احمد نجار ساکن چکن محلہ کاڈی پورہ کے بطور ہوئی ہے۔
قانونی اور طبی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت وارثین کے حوالے کی گئی ۔