سرینگر// اننت ناگ پولیس نے سیول ایڈمنسٹر یشن کے اشتراک سے ڈاک بنگلہ اننت میں گورنمنٹ کی جانب سے عام معافی پانے والے پتھر بازی میں ملوث نوجوانوں کیلئے ایک کونسلنگ سیشن کا انعقاد کیا جس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی کشمیر شری ایس پی پانی ، محمد یونس ڈی سی اننت ناگ ،ایس ایس پی اننت ناگ الطاف احمد خان و دیگر پولیس و سیول افسران موجود تھے ۔کونسلنگ میں کافی تعداد میں عام معافی پانے والے نوجوانوں اور ان کے لواحقین کے علاوہ اچھی تعداد میں ذی عزت شہریوں نے شرکت کی ۔کونسلنگ سیشن میں معافی پانے والے نوجوانوں نے اس بات کا یقین دیا کہ وہ دوبارہ ایسی حرکت سے باز رہیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمیوں میں حصہ نہ لینگے ۔ایس ایس پی اننت ناگ الطاف احمد خان نے عام معافی پانے والے جوانوں سے تاکید کی کہ وہ اپنے مستقبل کیلئے محنت کریں اور اپنی تعلیم پر توجہ دیں۔کونسلنگ سیشن میں موجود ذی عزت شہریوں نے پولیس کی جانب سے ایسے پروگرام منعقد کرنے کی سراہنا کی ۔