انجینئر رشید کی ضمانتی عرضی|| سماعت 18 جون کو

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// دہلی کی ایک عدالت نے انجینئر رشید کی طرف سے دائر ضمانتی عرضی کی سماعت 18 جون کومقرر کی ہے۔ رشید نے انتخابات میں کامیابی کے بعد رکن پارلیمان کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے لیے عبوری ضمانت کی درخواست دی ہے۔انجینئر رشید نے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو بارہمولہ حلقہ سے شکست دی ہے۔ رشید نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑا۔ وہ یونین ٹیریٹری کی قانون ساز اسمبلی کے 2بار ممبر اسمبلی ر ہیں۔ ایڈیشنل سیشن جج چندر جیت سنگھ نے 18 جون کو سماعت کی تاریخ مقرر کی جب قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) نے رشید کی درخواست پر جواب داخل کرنے کے لیے مزید وقت کی درخواست کی۔ 7 جون کو این آئی اے نے نوٹ کیا کہ نو منتخب لوک سبھا ممبران کے حلف کا نوٹیفکیشن ابھی تک شائع نہیں ہوا ہے۔ جج نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ اگر اگلی عدالتی تاریخ سے قبل تقریب کا نوٹیفکیشن جاری کیا جاتا ہے تو رشید عدالت سے سماعت تیز کرنے کی درخواست کر سکتے ہیں۔ رشید نے اپنا حلف اٹھانے اور پارلیمانی فرائض انجام دینے کے لیے عبوری ضمانت یا متبادل طور پر حراستی پیرول کی درخواست کی ہے۔ وہ 2019 سے تہاڑ جیل میں بند ہیں۔