ہندوارہ//اے آئی پی سربراہ اور ایم ایل اے لنگیٹ انجینئر رشید نے بی جے پی اور سنگ پریوار کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو آئے روز ہراساں کرنے اور مختلف سنجیدہ معاملات کے حوالے سے اُن پر دباﺅ ڈالنے کی پالیسیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سنگ پریوار کو خبردار کیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے جذبات کے ساتھ کھیلنا بند کرے ۔انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ NCکی قیادت ذاتی عداوتوں کو ایک طرف چھوڑ کر ماضی سے سبق سیکھے اور محبوبہ مفتی کو سرکار بنانے کیلئے بلا شرط تعاون دے تاکہ دلی کو صاف صاف بتایا جا سکے کہ کشمیری مین اسٹریم جماعتوں کے اندر کہیں نہ کہیں اپنے لوگوں کے تئیں ہمدردی موجود ہے “۔ انجینئر رشید نے کہا ”عمر عبداللہ کو ہر گز یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ جو حشر آج نئی دلی محبوبہ مفتی کا کر رہی ہے وہ خود عمر عبداللہ اور ان کے دادا اور والد کا پہلے ہی ہو چکا ہے اور کل اگر پھر عمر عبداللہ اقتدار کی لنگڑی کرسی کا ہاتھ تھامتے ہیں تو ان کا حشر محبوبہ مفتی سے بدتر ہوگا ۔لہذا ان دونوں جماعتوں کیلئے بہتر ہوگا کہ وہ معاملات کی حساس نوعیت کو سمجھ کر کچھ بنیادی باتوں پر متفق ہو جائیں ۔ اگر ایسا کرنے میں یہ دونوں جماعتیں مزیدتاخیر کرتی ہیں تو سُبرامنیم سوامی، را م مادھو ، چندر پرکاش گنگا اور ہندوستان کے اٹارنی جنرل کے انتہائی منافقانہ اور ناقابل قبول بیانات ہر کشمیری کیلئے نوشتہ دیوار پڑھنے کیلئے کافی ہیں “۔