سرینگر // حریت (ع)نے تحقیقاتی ایجنسی( این آئی اے) کی طرف سے نہ صرف حریت سے وابستہ افراد بلکہ میرواعظ عمر فاروق کے اہل خانہ اور ان کی سربراہی میں چلنے والے اداروں کو بھی ہراساں و دبائو میں لانے کے اقدامات کی شدید مذمت کی ہے۔ حریت نے کہا کہ جنرل سیکریٹری انجمن نصرت الاسلام محمد ابراہیم شاہ اور اوقاف جامع کے اکائونٹنٹ محمد حسین خان کو بھی پوچھ تاچھ کیلئے بذریعہ نوٹس دلی طلب کرلیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ انجمن نصرت الاسلام اور اوقاف جامع مسجد غیر سیاسی ادارے ہیں جن کی اپنی ایک تاریخ ہے اور جو کشمیر میں تعلیم کے پھیلائو کے ساتھ ساتھ سماجی خدمات کا کام کئی دہائیوں سے انجام دے رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ان اداروں کو محض اسلئے ہراساں کرنا ان کے ساتھ میرواعظ وابستہ ہیں اور اسطرح سے اُن پر دبائو دالنا انتہائی افسوس ناک ہے۔ ترجمان نے کہا کہ میرواعظ کے رشتہ دار اور شاہد الاسلام جن کو پوچھ تاچھ کیلئے دلی طلب کیا گیا کو صبح سے شام تکNIA دفتر میں انتظار کروایا جاتا ہے اور شام کو انہیں رخصت کرکے دوسرے دن پھر دفتر میں حاضر ہونے کیلئے کہا جاتا ہے۔