سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے 11ویں محرم کو وادی کے مختلف مقامات پر علم شریف اور ذوالجناح شریف کے جلوس برآمد کئے گئے۔ سب سے بڑا جلوس ذوالجناح امام باڑہ یاگی پورہ ماگام سے برآمد کیا گیا جس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی ۔انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن کی غیر موجودگی میں آغا سید مجتبی عباس نے جلوس ہاے عزا کی نظارت کی ذمہ داری ادا کی ۔ماگام چوک میں عزا داروں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا مجتبی نے شہداے کربلا کو عقیدت کا خراج نذر کیا اور روز عاشورا کے بعد کربلا سے کوفہ اور کوفہ سے شام تک اسیران کربلا سے جڑے دلدوز واقعات بیان کئے ۔انہوں نے کہا کہ اسیران کربلا بالخصوص علیامکرمہ زینب کے کردار و عمل کی بدولت پیغام عاشورا آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ رہا ۔کربلا کی اس آہنی خاتون نے یزید کی استبدادی خلافت اور اسلام و انسانیت دشمن عزائم کا پردہ چاک کیا اورزینبی کردار سے ہی دنیاے اسلام میں نواسہ رسول ؓ حضرت امام حسین کے قیام کی عظمت و اہمیت اور امام کی مظلومیت کی تشہیر ہوئی ۔ جن دیگر مقامت پر تنظیم کے اہتمام سے 11ویں محرم کو علم شریف اور ذوالجناح شریف کے جلوس برآمد کئے گئے ان میں بوپٹ بیروہ ، لبرتل، کادی پورہ بڈگام ، سٹھسو کلان ، کنہ ہامہ چاڈورہ ،یارِ ستھرو،ٹیکی پورہ، وہاب پورہ بڈگام ، سونہ پاہ ، پارس آباد پورہ ، وترونی بڈگام ، مغل امام باڑہ وری پورہ بالہامہ سرینگر، امام باڑہ حسن آباد سرینگر، سرپورہ اوڑ ینہ ، گنڈ نوگام، نوگام بالا،بونہ محلہ نوگام ، گگلو محلہ ذالپورہ ، بونہ محلہ اندرکوٹ سوناواری ،حاجی محلہ تلرزوہ سوناواری شامل ہے۔