بلال فرقانی
سرینگر//جموں و کشمیر حکومت نے کشمیر انتظامی سروس افسران کی مختلف اسکیلوں میں ترقی و پالیسی معاملات کے انتظام اور ان کے محکموں کا انتخاب کرنے والی’’ اسٹیبلشمنٹ کم سلیکشن کمیٹی‘‘ کی تشکیل نو کی، جس کی سربراہی چیف سکریٹری کریں گے۔سرکاری آرڈر کے مطابق 7رکنی ’’ تشکیل نو کمیٹی میں جموں کشمیر کے چیف سیکریٹری ارون کمار مہتا، مالیاتی کمشنر(ایڈیشنل چیف سیکریٹری) زرعی پیدوار محکمہ اٹل ڈھلو، مالیاتی کمشنر(ایڈیشنل چیف سیکریٹری) محکمہ داخلہ راج کمار گوئل،مالیاتی کمشنر)ایڈیشنل چیف سیکریٹری) محکمہ خزانہ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکریٹری نتیشور کمار، عمومی انتظامی محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری منوج کمار دیویدی اور محکمہ قانون،انصاف و پارلیمانی امور کے انتظامی سیکریٹری آچل سیٹی شامل ہے۔ حکم نامہ کے مطابق جس محکمے کا معاملہ ہے اس کے انتظامی سکریٹری کو خصوصی مدعو کے طور پر شریک کیا جائے گا۔ اسٹیبلشمنٹ کم سلیکشن کمیٹی کے دائرہ کار میں سامیوں کا انتخاب کرتے وقت اس کے ذریعہ اختیار کیا جانے والا طریقہ کار وہی رہے گا جو 26 دسمبر 2011کے گورنمنٹ آرڈر نمبر 1488-GAD میں درج ہے۔آرڈر کے مطابق اسٹیبلشمنٹ کم سلیکشن کمیٹی کے دائرہ کار میں پرسنل مینجمنٹ سے متعلق تمام پالیسی معاملات، کشمیر انتظامی سروس میں افسران کی شمولیت اور انکی مختلف سکیلوں میں ترقی سے متعلق معاملات، ان محکموں کے سربراہوں کا انتخاب شامل ہوں گے۔