بلال فرقانی
سرینگر// انتظامیہ نے جموں کشمیر انتظامی سروس کے9افسران کے تبادلے اور تقرریاں عمل میں لائی ہیں۔سرکاری حکم نامہ کے مطابق ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل فاروق احمد بابا کو تبدیل کرکے الفت جبین کی جگہ ڈپٹی کمشنر سٹیٹ ٹیکس( آئی ٹی،ڈاٹا و اکنامک انٹلی جنس) تعینات کیا گیاہے جبکہ الفت جبین کو مزید تقرری کیلئے عمومی انتظامی محکمہ میں انتظار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کے سیکریٹری ڈاکٹر پیوش سنگلا کی جانب سے منگل کو جاری آرڈر میں کہا گیا ہے کہ ضلع صنعتی مرکز ڈوڈہ کے جنرل منیجر خالد حسین ملک کو تبدیل کرکے جوائنٹ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ جموں تعینات کیا گیا جبکہ جوائنٹ ڈائریکٹر ایمپلائنٹ جموں محمد اشرف کو تبدیل کرکے جوائنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن پونچھ تعینات کیا گیا۔
آرڈر کے مطابق سب ڈویژنل مجسٹریٹ بجبہاڑہ، محمد جہانگیر کھانڈے، جن کے پاس سب رجسٹرار بجبہاڑہ کا اضافی چارج بھی تھا،کو تبدیل کرکے جوائنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن جنوبی کشمیر تعینات کیا گیا۔ عمومی انتظامی محکمہ میں اپنی تقرری کے منتظر محمد رئوف رحمان کو تبدیل کرکے جوائنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن سینٹرل کشمیر تعینات کیا گیا جبکہ سب رجسٹرار اننت ناگ تنویر احمد تنویر کو تبدیل کرکے انہیں سب ڈویژنل مجسٹریٹ بجبہاڑہ کے طور پر تعینات کیا گیا۔ مذکورہ افسر اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ تا حکم ثانی سب رجسٹرار بجبہاڑہ کا اضافی چارج بھی سنبھالیں گے۔ ڈاکٹر سنگلا کی جانب سے جاری ایک علیحدہ حکم نامہ کے مطابق جموں کشمیر فارنسک سائنس لیبارٹری کے ڈائریکٹر مس شربا شرما کو تبدیل کرکے ڈائریکٹر انمل ہسبنڈری جموں تعینات کیا گیا جبکہ جموں کشمیر ہاوسنگ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد شاہد سلیم کو تبدیل کرکے جموں کشمیر فارنسک سائنس لیبارٹری کے ڈائریکٹر کے طور پر تقرری عمل میں لائی گئی۔ عمومی انتظامی محکمہ کے سپیشل سیکریٹری شبیر حسین کین کو تبدیل کرکے جموں کشمیر ہاوسنگ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔