وعدوں کی بنیاد پر ووٹ لینے والے اب عوام سے دور:الطاف پارٹی
سرینگر// اپنی پارٹی کے سربراہ الطاف بخاری نے سرینگر سے منتخب ہوئے اراکینِ اسمبلی کو سخت الفاظ میں ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 2024کے اسمبلی انتخابات میں انہیں ووٹ دینے والے عوام کو یکسر نظر انداز کر دیا ہے۔انہوں نے کہا ’’ یہ نام نہاد عوامی نمائندے جھوٹے وعدوں اور غیر حقیقی امیدوں کے سہارے ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ تاہم، جب برسرِ اقتدار جماعت نے سرینگر کی تمام آٹھ اسمبلی نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی تو ان نمائندوں نے عوام کے مسائل اور شکایات کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا، جس سے لوگ خود کو دھوکہ کھایا ہوا اور بے یار و مددگار محسوس کر رہے ہیں‘‘۔انہوں نے سرینگر کے اراکینِ اسمبلی سے سوال کرتے ہوئے کہا’’ آپ کیسے سکون سے سو سکتے ہیں جبکہ آپ کو ووٹ دینے والے لوگ مسلسل مصائب اور ناانصافی کا شکار ہیں؟ الطاف بخاری نے یہ باتیں سرینگر میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہیں۔ یہ تقریب اپنی پارٹی کے نو منتخب ضلع صدر برائے سرینگر، ظفر حبیب، کے اعزاز میں منعقد کی گئی تھی۔اس موقع پر الطاف بخاری نے سرینگر شہر کی ابتر صورتحال اور شہریوں کو درپیش مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا’’ اپنی پارٹی مسلسل سرینگر میں اپنی جڑیں مضبوط کر رہی ہے اور عوام سے نچلی سطح پر قریبی رابطے میں ہے، اس لیے ہمیں شہر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا براہِ راست علم ہے۔ لوگ، بالخصوص نوجوان، غربت، بے روزگاری، رہائش کی ناکافی سہولیات اور دیگر سنگین مسائل سے دوچار ہیں۔ مگر جنہیں انہوں نے 2024 کے اسمبلی انتخابات میں اقتدار سونپا، انہوں نے ان مسائل کے حل میں کوئی سنجیدگی نہیں دکھائی۔ اپنے وعدے پورے کرنے کے بجائے ان نمائندوں نے عوام کی مشکلات اور امنگوں سے بے اعتنائی اختیار کر لی ہے‘‘۔
انہوں نے مزید کہا’’ انتخابات کے دوران حکمران جماعت کے رہنماں نے ووٹ حاصل کرنے کے لیے عوام کو جھوٹے وعدوں سے گمراہ کیا۔ انہوں نے مفت بجلی، مفت ایل پی جی سلنڈر، اضافی راشن کوٹہ، حکومت بنتے ہی ایک لاکھ ملازمتوں کی فراہمی، ڈیلی ویجروں کی مستقلی اور متعدد دیگر وعدے کیے۔ عوام نے ان یقین دہانیوں پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں مینڈیٹ دیا، لیکن اقتدار میں آنے کے بعد انہوں نے نہ صرف عوام بلکہ ان مسائل کو بھی فراموش کر دیا جن کے حل کا وعدہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی شہر کے عوام کو درپیش مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کرے گی۔انہوں نے کہا، ہم اس شہر اور اس کے عوام سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔ ان کی تکالیف اور مشکلات دیکھ کر ہمیں شدید دکھ ہوتا ہے۔ بالخصوص نوجوان انتہائی کٹھن حالات سے گزر رہے ہیں۔ انہیں بار بار پولیس تھانوں میں طلب کیا جاتا ہے اور بلاوجہ ہراساں کیا جاتا ہے۔ انہیں روزگار کے مناسب مواقع میسر نہیں اور وہ باوقار زندگی گزارنے کے حق سے محروم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اپنی پارٹی ان کے مسائل اور شکایات کو ہر مناسب فورم پر بھرپور انداز میں اٹھائے گی اور فوری ریلیف کے اقدامات کے ساتھ ساتھ دیرپا اور پائیدار حل کو یقینی بنانے کے لیے انتھک محنت کرے گی۔سرینگر کے لئے پارٹی کے نو منتخب ضلع صدر ظفر حبیب کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے امید ظاہر کی کہ ان کی تقرری سے سر نگر میں پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہا’’میں آپ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کرتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ تنظیم میں آپ کی یہ نئی ذمہ داری سرینگر میں پارٹی کو مزید مستحکم کرنے اور عوامی خدمت کے اس کے مشن کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی‘‘۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر نے ظفر حبیب کو سرینگر کے ضلع صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر سبھی سینئر لیڈران موجود تھے ۔
سابق اداکارہ متینہ جیلانی کی اپنی پارٹی میں شمولیت
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سابق اداکارہ، ماڈل اور سوشل میڈیا انفلوئنسر متینہ جیلانی نے اپنے ساتھیوں سمیت ہفتہ کواپنی پارٹی میں با ضابطہ شمولیت اختیار کی۔ اس سلسلے میں پارٹی کے صدر دفتر سرینگر میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں متینہ جیلانی اور ان کے ساتھیوں کا پارٹی سربراہ اور دیگر قائدین نے استقبال کیا۔راجوار، ہندوارہ سے تعلق رکھنے والی متینہ جیلانی اداکاری، ماڈلنگ اور سوشل میڈیا کے شعبے میں ایک معروف عوامی شخصیت ہیں۔ پارٹی میں ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے پارٹی قیادت نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ متینہ جیلانی کی شمولیت سے ان کے متعلقہ علاقے میں پارٹی کا تنظیمی ڈھانچہ مزید مضبوط ہوگا اور عوام کے درمیان پارٹی کی رسائی میں اضافہ ہوگا۔متینہ جیلانی کا خیرمقدم کرنے والے پارٹی رہنماں میں پارٹی صدر الطاف بخاری، پارٹی کی پارلیمانی امور کمیٹی کے چیئرمین محمد دلاور میر، جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، ترجمان اعلیٰ و ریاستی سیکریٹری منتظر محی الدین، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، صدر خواتین ونگ دلشاد شاہین، ضلع صدر کپوارہ راجہ منظور، سٹیٹ آرگنائزر و ترجمان ڈاکٹر ہربخش سنگھ سمیت دیگر لیڈران بھی شامل تھے۔