سرینگر// انتخابات کو مرکز کی کشمیر پالیسی کا حصہ قرار دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے امور داخلہ ہنس راج گنگا رام اہیر نے کہا کہ عسکریت پسندوں پر کوئی بھی رحم نہیں کیا جائے گا،بلکہ فورسز جنگجوئوں کومناسب جواب دیں گے۔انہوں نے وادی کی موجودہ صورتحال کو پرامن قرار دیتے ہوئے کہا’’پاکستان کو کشمیر میں تخریبی کاروائیاں بند کرنی ہونگی‘‘۔ گنگا رام اہیر نے کہا کہ کشمیر میں انتخابات سے دہلی سے مختلف ترقیاتی سرگرمیوں کیلئے احسن طریقے سے رقومات کی واگزاری ہوگی،جس کے نتیجے میں بالا ٓخر خطے میں حتمی امن بحال ہوگا۔ سرینگر کے ہمہامہ میں سرحدی حفاظتی فورس کی طرف سے منعقدہ تقریب کے حاشے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات ہماری جمہوریت کا نا قابل تنسیخ حصہ ہے۔انہوں نے کہا’’ ہر ایک جمہوری ملک میں انتخابات جمہوریت کو مستحکم بنانے کیلئے عمل میں لائے جاتے ہیں،اور کشمیر میں بھی ہم انتخابات کے معنی تبدیل نہیں کرنا چاہتے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہند نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی سرکار کشمیر میں امن اور ترقی کو یقینی بنانا چاہتی ہے،اور اس کیلئے انتخابات ضروری ہیں۔انہوں نے کہا’’ مجھے یقین ہے کہ کشمیر میں انتخابات ہماری پالیسی ہے،اور اس سے خطے میں ترقی ہوگی،کیونکہ نئی دہلی سے فنڈس احسن طریقے سے آئیں گے‘‘۔ مزاحمتی جماعتوں کی طرف سے انتخابات کے بائیکاٹ اور الیکشن کو درہم برہم کرنے کیلئے عسکریت پسندوں کی دھمکی سے متعلق سوال کے جواب میں ہنس راج گنگا نے کہا کہ فورسز کسی بھی طرح کی دھمکی سے نپٹنے کیلئے اہل ہیں۔اہیر نے کہا’’ہماری سرحد15ہزار کلو میٹر بشمول جموں کشمیر ہے،جس میں صحرا،جنگل،دشوار گزار پہاڑ ہیں،اور اس کے باوجود فورس بخوبی اپنے فرائض کو انجام دے رہی ہیں۔