عظمیٰ نیوزسروس
جموں// جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر رویندر رینہ نے بدھ کے روز عمر عبداللہ کو وزیرِاعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ نئی حکومت جموں و کشمیر میں امن اور ترقی کو مزید مستحکم کرنے کے لئے کام کرے گی۔ عبداللہ کی حلف برداری کے ساتھ ہی یہ جموں و کشمیر میں 2019 کے بعد پہلی منتخب حکومت ہے، جب دفعہ370 کو ختم کیا گیا تھا۔ رینہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، “میں عمر عبداللہ کو جموں و کشمیر کے وزیرِ اعلیٰ بننے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ میں سُریندر چودھری کو بھی نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتا ہوں، اور دیگر وزیروں کو بھی نیک خواہشات پیش کرتا ہوں”۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ نئی حکومت وزیراعظم نریندر مودی کے جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے شروع کردہ اقدامات کو جاری رکھے گی۔ اُنہوں نے کہا، “مجھے یقین ہے کہ وہ عوام کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔ وہ مودی حکومت کے گزشتہ دس سالوں میں حاصل کردہ امن اور سکون کو مزید مستحکم کریں گے”۔