ڈپٹی کمشنروں اور ضلع پولیس سربراہوں کی کانفرنس
سرینگر//گورنر ستیہ پال ملک نے ضلع ترقیاتی کمشنروں اورپولیس افسران سے کہا ہے کہ وہ بلدیاتی و پنچایتی انتخابات لڑنے والے اُمیدواروں کو معقول سیکورٹی کور فراہم کریں تا کہ انتخابات احسن اور شفاف طریقے پر منعقد کئے جاسکیں۔انہوں نے ضلع کے پولیس اور ڈپٹی کمشنروں سے کہا کہ وہ لوگوں میں آنے والے بلدیاتی اداروں اور پنچایتی انتخابات کے تعلق سے بیداری پیدا کریں تا کہ ایک طرف زمینی سطح پر جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہوں اور دوسری طرف گاؤں اور قصبوں کی مجموعی ترقی ممکن ہوسکے۔ ایس کے آئی سی سی میں ڈپٹی کمشنروں اور ڈسٹرکٹ ایس پیز کی یک روزہ کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے گورنر نے عوامی احساسات کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے فعال اور جوابدہ حکمرانی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔گورنر نے ضلع پولیس افسروں سے کہا کہ وہ امن وقانون کی صورتحال سے نمٹنے کے دوران عوامی جذبات کو ملحوظ نظر رکھ کر اس بات کو یقینی بنائیں کہ پولیس کارروائی میں عام لوگوں کو کم سے کم دقتوں کا سامنا کرنا پڑے۔گورنر نے ڈپٹی کمشنروں کو مزید ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں دستیاب انسانی وسائل کو بروئے کار لاکر طبی نگہداشت کی سہولیات میں مزید بہتری لائیں۔ انہوں نے کہا کہ زچگی اور بچگی کی بہتر سہولیات بہم پہنچانے کے لئے آشا ورکروں کی خدمات حاصل کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ تہواروں اور امتحانات کے دوران چوبیس گھنٹے بجلی کی دستیابی کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔گورنر نے عوامی شکایات کے نپٹارے کے نظام کو مزید فعال بنانے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ ہفتے میں ایک بار عوامی شکایات سُن کر انہیں حل کیا کریں۔انہوں نے کہا کہ التواء میں پڑے ترقیاتی پروجیکٹوں کو مکمل کرنے کی طرف خصوصی توجہ دی جانی چاہئے۔ انہوں نے ترقیاتی کمشنروں کو کہا کہ وہ ان پروجیکٹوں سے جڑے تمام معاملات کی نشاندہی کر کے انہیں فوری طور سے حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جموں وکشمیر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن قائم کرنے کو منظوری دی ہے جو کافی عرصے سے رقومات کی عدم دستیابی کی وجہ سے رُکے پڑے پروجیکٹوں کو مکمل کرنے کے لئے قرضوں کا انتظام کرے گی۔گورنرنے کہا کہ اُن کی انتظامیہ نے ریاست کے لئے40 نئے کالج قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے ترقیاتی کمشنروں سے کہا کہ وہ اس کام وک ترجیح دے کر اپنے اپنے منصوبے جلد پیش کریں۔گورنر نے اس موقعہ پر کربلا کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے افسروں سے تاکید کی کہ وہ امن وقانون کی برقراری کے دوران لوگوں کے مذہبی جذبات کا احترام کریں۔چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ بہتر حکمرانی کی دستیابی کو ترجیحات میں شامل رکھیں۔ چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے ضلع ترقیاتی کمشنروں سے کہا کہ وہ جاری پروجیکٹوں اور سکیموں پر کڑی نظر گزر رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنے اپنے اضلاع میں التوأمیں پڑے پروجیکٹوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے مؤثر اقدامات اٹھائیں۔چیف سیکرٹری نے ایس کے آئی سی سی سری نگر میں ضلع ترقیاتی کمشنروں اور ضلعی ایس ایس پیز کی ایک روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی رقومات کی عدم دستیابی کی وجہ سے التوأ میں پڑے پروجیکٹوں کو مکمل کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ایک خصوصی سکیم شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں سے کہا کہ وہ اس طرح کے پروجیکٹوں کی ترجیحی بنیادوں پر نشاندہی کریں اور انہیں مزید کارروائی کے لئے حکومت کو بھیج دیں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوامی نوعیت کے اہم کچھ پروجیکٹ نئی سکیم کے دائرے میں لائے جارہے ہیں اور ان میں پُل ، سڑکیں اور عمارتیں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ایم ڈی پی پروجیکٹوں کو ترجیحات میں رکھا جانا چاہئے تاکہ ایمز ، آئی آئی ٹی ، آئی آئی ایم ،رِنگ روڈس اور دیگر پروجیکٹوں کو وقت پر مکمل کیا جاسکے ۔ریاست میں ہونے والے پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا ذکر کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنروں سے کہا کہ وہ الیکشن عمل سے غیر متوجہ نہ ہوں اور وہ ترقیاتی پروجیکٹوں پر نظر گزر رکھنے کے ساتھ ساتھ چنائو عمل پر بھی نگرانی کریں۔