سرینگر//برستی بارشوں میں محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے ملازمین نے صوبائی کمشنر کشمیر کے دفتر تک احتجاجی مارچ کرتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر کشمیر کو یاداشت پیش کی۔ محکمہ رسدات و عوامی تقسیم کاری کے مرکزی دفتر شالی اسٹور شہید گنج سرینگر سے محکمہ کے ملازمین نے ’’سی اے پی ڈی‘‘ ایمپلائز یونین کے جھنڈے تلے پیر کو اعجاز احمد خان کی قیادت میں اس جلوس برآمد کیا۔ احتجاجی مظاہرین نے نعرہ بازی کی اور بینر اور پلے کارڑ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ صوبائی کمشنر کے دفتر کے سامنے احتجاجی ملازمین نے دھرنا دیا اور ایڈیشنل کمشنر کشمیر کو اپنا میمورنڈم پیش کیا۔ احتجاجی ملازمین کاکہنا ہے کہ ایڈیشنل کمشنر کشمیر نے یقین دہانی کرائی کہ ملازمین کے مسائل کو حکومت اور متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افسراں تک پہنچایا جائے گا۔اس سے قبل ’’سی اے پی ڈی‘‘ ایمپلائز یونین کے صدر اعجاز احمد خان نے کہا کہ انہیں انتظامیہ سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے محکمہ کے ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کمشنر امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کی قیادت میںایک کمیٹی تشکیل دی تھی تاہم ابھی تک سرکار کی طرف سے اس سلسلے میں کوئی بھی پہل نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ میں کام کر رہے کنسالڈیڈ ملازمین اور ڈیلی ویجروں کو ابھی تک مستقل نہیں کیا گیا۔اعجاز احمد خان نے فئیر پرائس شاپ ڈیلرس کی نوکریاں بھی ابھی تک مستقل نہیں کی گئیں۔ محکمہ کے گوداموں میں کام کر رہے محنت کشوں کو مستقل کرنے کی وکالت کرتے ہوئے سٹی گھاٹوں سے منسلک حمالوں کو لوڑ ان لوڈنگ کے مطالبے کو بھی پور اکرنے کی وکالت کی۔