اسلام آباد //پاکستانی فوج نے کہا ہے کہ دونوں ممالک جوہری طاقت ہیں اس لئے جنگ کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہے۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ اور ترجمان میجرجنرل آصف غفورنے کہا ہے کہ بھارت نے 13سال میں 2ہزارسے زائد بارجنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی، عام شہری بھارتی فائرنگ کا زیادہ نشانہ بنے ہیں تاہم دونوں ممالک جوہری طاقت ہیں اس لیے جنگ کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہے۔پریس کانفرنس کے دوران میجر جنرل کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے 2018 میں 1577 بار سیز فائر کی خلاف ورزیاں کی گئیں۔بھارت کی جانب سے سرحد پر کی جانے والی خلاف ورزیوں کو دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2017 میں ایک ہزار 881 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی گئیں جس کے دوران 52 افراد جاں بحق اور 254 افراد زخمی ہوئے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور بھارت کے ساتھ فائر بندی معاہدے کی مکمل پاسداری کرنا چاہتے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ ڈی جی ایم اوزنے جو اتفاق کیا تھا اس پرعمل کیا جائے۔میجرجنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔سرحد میں کشیدگی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم بھارت کی جانب سے کئے گئے پہلے فائر کو نظر اندازکرتے ہیں جس سے شہریوں کا جانی نقصان نہیں ہو تاہم دوسری مرتبہ کیے فائر کا اسی طرح جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 'بھارت کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ وہ کہاں جانا چاہ رہا ہے کیونکہ ہم دونوں جوہری طاقت ہیں اور ہمارے درمیان جنگ کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے'۔