سرینگر//پی ڈی ایف چیئرمین اورممبراسمبلی خانصاحب حکیم محمد یاسین نے ریاست جموں و کشمیر میں 1953 کی پوزیشن بحال کرنے کی مانگ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مسئلہ کشمیر کے دائمی اور پُر امن حل کیلئے راستہ ہموار ہوگا۔ حکیم یاسین ہردویل خانصاحب میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔انہوںنے کہا کہ 1947 کے بعد ریاست کی خودمختاری اور خصوصی پوزیشن کو آہستہ آہستہ کمزور کرنے سے ریاستی عوام اور مرکز کے درمیان آپسی اعتماد کو زبردست ٹھیس پہنچ گئی ہے جس کی وجہ سے کشمیر میں افراتفری ، سیاسی غیر یقینیت اور عدم استحکام کا ایک نہ تھمنے والا ماحول پیدا ہوا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ریاست کی خصوصی پوزیشن کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور 1987 کے انتخابات میں دھاندلیوں کی وجہ سے لوگوں میں بے اطمینانی اور عدم تحفظ کے رحجانات نے جنم لیا جس کی وجہ سے کشمیر میں تشدد اور قانونی افراتفری کا ماحول پیدا ہوا ہے ۔ حکیم یاسین نے کہا کہ ریاست میں جاری خون ریزی بند کرنے اورامن کی بحال کیلئے سیاسی عدم استحکام کو دور کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مقامی لوگوں کو یقین دلایا کہ اُن کی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔