نئی دہلی//وزیراعظم نریندرمودی نے قریبی ہمسایہ ملک پاکستان کا نام لئے بغیر کہا کہ ہندوستان اپنی خودمختاری، عزت اوروقارکے ساتھ کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کریگا اور دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دے گا۔مودی نے اتوارکو آکاشوانی پرنشر ہونے والے اپنے ماہانہ’من کی بات‘ پروگرام کے 48 ویں ایڈیشن میں ملکی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے فوج کے جوانوں کی تعریف کی۔پاکستان کی حدودمیں کئے گئے مبینہ سرجیکل اسٹرائک کی سالگرہ پر منائے گئے پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے نریندرمودی نے کہا کہ اب یہ طے ہوچکا ہے کہ ہمارے فوجی ان سب کو منہ توڑ جواب دیں گے، جو ہمارے ملک میں بدامنی پھیلائیں گے اورترقی میں رکاوٹ پیدا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم امن میں یقین رکھتے ہیں اوراسے فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں، لیکن عزت و احترام سے سمجھوتہ کرکے اور ملک کی خودمختاری کی قیمت پر قطعی نہیں۔ وزیراعظم ہند نے کہا کہ شاید ہی کوئی ہندوستانی ہوگا جو اپنی مسلح افواج،فوج کے جوانوں پر فخر نہ کرتا ہو۔مودی کاکہناتھاکہ ہر ہندوستانی چاہے وہ کسی بھی علاقے،ذات ،مذہب ،عقیدے یا زبان کا کیوں نہ ہو،اپنے فوجیوں کے تئیں اپنی خوشی اور حمایت ظاہر کرنے کیلئے ہمیشہ تیار رہتا ہے۔