بال تل ( گاندر بل )//گورنر کے مشیر کے وجے کمار نے کل بال تل یاترا بیس کیمپ کا دورہ کیا اور امر ناتھ جی یاترا 2018 کے سلسلے میں کئے جا رہے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرا منیم ، ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان ، آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی ، ڈی ڈی سی گاندر بل ڈاکٹر پیوش سنگلا مشیر کے ہمراہ تھے ۔ مشیر نے بال تل علاقے کے علاوہ دومیل اور پوتر گپھا میں کئے جا رہے انتظامات کی تفصیلی جانکاری حاصل کی ۔ مشیر نے انتظامات میں مزید بہتری لانے کیلئے موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں اور متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ آئی ٹی بی پی کو تین جنسیٹ فراہم کریں اس کے علاوہ اضافی بیت الخلاؤں کی سہولیات بھی فراہم کریں ۔ کے وجے کمار نے محکمہ بجلی کو بال تل میں وافر مقدار میں ٹرانسفارمروں کی دستیابی کی ہدایت دیں تا کہ پورے علاقے میں بلا خلل بجلی فراہم کی جا سکے ۔ انہوں نے فوڈ سیفٹی افسر سے کہا کہ وہ لنگروں میں تیار کئے جا رہے اشیائے خوردنی کو باقاعدہ طور پر چیک کرنے کو یقینی بنائیں ۔ مشیر نے علاقے میں پینے کے پانی کی فراہمی ، صحت و صفائی ، بجلی ، سڑکیں ، رابطے ، پبلک ایڈرس سسٹم ، طبی سہولیات ، مزدوروں کی فراہمی و دیگر خدمات کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے کیمپ ڈائریکٹر بال تل کو ہدایت دی کہ وہ یاتریوں کیلئے سہولیات میں بہتری لانے کے سلسلے میں روزانہ جائیزہ میٹنگیں منعقد کریں ۔ اس سے قبل ڈی ڈی سی گاندل بل اور کیمپ ڈائریکٹر نے مشیر کو علاقے میں فراہم کی جا رہی سہولیات کے بارے میں جانکاری دی ۔ دیگر لوگوں کے علاوہ ایس ایس پی گاندر بل فیاض احمد ، آئی ٹی بی پی کے افسران کے علاوہ سول ، پولیس اور فوج کے افسران نے میٹنگ میں شرکت کی ۔