یو این آئی
نئی دہلی// امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے چیٔرمین مائیکل میکول کی قیادت میں ہندوستان کا دورہ کرنے والے سات رکنی وفد نے ملک میں جمہوری انتخابی عمل میں غیرجانبداری اور شفافیت کی تعریف کی ہے۔وفد کے اراکین نے جمعرات کو یہاں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ وفد کے دیگر اراکین میں نینسی پیلوسی، گریگوری میکس، میرینیٹ ملر میکس، نکول مالیوٹاکس، امریش بابولال ‘امی بیرا اور جم میک گورن شامل تھے۔وفد نے مودی کو مسلسل تیسری میعاد کے لیے وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ وفد نے حال ہی میں ہندوستان میں ختم ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے جمہوری انتخابی عمل کے پیمانے، انصاف پسندی اور شفافیت کی تعریف کی۔ہندوستان امریکہ تعلقات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے وفد نے تمام شعبوں بشمول تجارت، نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی، دفاع، عوام سے عوام کے تبادلے میں جامع اسٹریٹجک عالمی اشتراک کو مزید وسیع کرنے کی حمایت کا اظہار کیا۔