واشنگٹن// مائیک پومپیو نے ہفتے کو دن کے آغاز پر ایک محفوظ ٹیلی فون لائن کے ذریعے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات کی اور انہیں جمعے کو ہونے والی ملاقاتوں پر اعتماد میں لیا۔پیانگ یانگ میں موجود امریکہ کے وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو مسلسل دوسرے روز بھی شمالی کورین حکام سے مذاکرات میں مصروف ہیں جن کے ایجنڈے میں شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کا خاتمہ سرِ فہرست ہے۔پومپیو جمعے کو علی الصباح دو روزہ دورے پر پیانگ یانگ پہنچے تھے جہاں انہوں نے دن بھر شمالی کوریا کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔امریکی وزیرِ خارجہ نے ہفتے کو شمالی کوریا کی حکمران جماعت کے رہنما اور سابق انٹیلی جنس چیف کم یونگ چول سے اپنی طے شدہ ملاقات سے قبل دن کے آغاز پر ایک محفوظ ٹیلی فون لائن کے ذریعے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات کی اور انہیں جمعے کو ہونے والی ملاقاتوں پر اعتماد میں لیا۔بعد ازاں جب مائیک پومپیو کم یونگ چول سے ملاقات کے لیے پہنچے تو دونوں رہنماو?ں نے صحافیوں کے سامنے گرم جوشی سے مصافحہ کیا۔اس موقع پرکم یونگ چول نے مائیک پومپیو سے سوال کیا کہ کیا رات انہیں اچھی نیند آئی؟ اس پر مائیک پومپیو نے اثبات میں جواب دیا۔مائیک پومپیو کا اس سال شمالی کوریا کا یہ تیسرا دورہ ہے۔ لیکن یہ پہلا موقع تھا جب انہوں نے پیانگ یانگ میں رات بسر کی۔ اس سے قبل اپنے دونوں دوروں کے دوران وہ شمالی کوریا میں محض چند گھنٹے رکے تھے۔اس موقع پر صحافیوں سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا کے روشن مستقبل کے خواہاں ہیں۔تاحال یہ واضح نہیں کہ اپنے اس دورے کے دوران امریکی وزیرِ خارجہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے ملاقات کریں گے یا نہیں۔ گزشتہ دونوں دوروں کے دوران انہوں نے کم یونگ ان سے ملاقات کی تھی۔پومپیو 12 جولائی کو سنگاپور میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان ہونے والی تاریخی سربراہی ملاقات کے بعد پیانگ یانگ کا دورہ کرنے والے پہلے اعلیٰ امریکی عہدیدار ہیں۔