امریکی صدارتی انتخابات | ٹرمپ کا کملا ہیرس سے مزید مباحثوں سے انکار

عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک

واشنگٹن// ریپبلکن امیدوار اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک حریف و امریکی نائب صدر کملا ہیرس کے ساتھ مزید کسی ٹیلی ویژن مباحثے میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ شائع غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر اعلان کیا کہ ‘تیسرا مقابلہ نہیں ہوگا’، سابق امریکی صدر کا پہلا مباحثی مقابلہ جون میں امریکی صدر جوبائیڈن سے ہوا تھا، جبکہ دوسرا مقابلہ رواں ہفتے نائب امریکی صدر کملا ہیرس کے ساتھ ہوا تھا۔اے بی سی نیوز کی میزبانی میں ہونے والے مباحثے میں ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو دفاعی پوزیشن پر ڈال دیا، جسے چھ کروڑ ستر لاکھ لوگوں نے دیکھا، اس کے فورا بعد ہی ان کی مہم نے اگلے ماہ ایک دوسرے مباحثے کا مطالبہ کیا۔مباحثے کے اگلے روز ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ این بی سی اور فاکس نیوز پر بھی مباحثہ کریں گے ، تاہم ان کے حالیہ بیان میں یہ بات واضح ہوئی ہے کہ وہ مباحثے سے دنگ رہ گئے ہیں جبکہ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کملا ہیرس دوسرے موقع کے لیے بے تاب ہیں۔واضح رہے 11 ستمبر کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر کملا ہیرس نے پہلے صدارتی مباحثے کے دوران ایک دوسرے پر کڑی تنقید کی اور مقامی و عالمی امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا۔وائس آف امریکہ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریاست پینسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا میں صدارتی مباحثہ ہوا، 90 منٹ دورانیے کی اس بحث کو دنیا بھر میں کروڑوں افراد نے دیکھا۔امریکہ میں 5 نومبر کو صدارتی انتخابات منعقد ہوں گے ، جس میں کاملا ہیرس ڈیموکریٹک پارٹی جبکہ ری پبلکن پارٹی کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ مسلسل تیسری بار انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔