واشنگٹن//امریکہ میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد ویت نام جنگ میں مارے گئے امریکیوں سے بھی زیادہ ہوگئی ہے ۔ کورونا وائرس سے امریکہ میں اموات میں اچانک تیزی سے اضافہ ہوا ہے جہاں مزید ڈھائی ہزار افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں تعداد تقریباً ساٹھ ہزار ہو گئی ہے ۔امریکی نیشنل آرکائیو کے مطابق ویت نام جنگ میں 58 ہزار 220 امریکی مارے گئے تھے جبکہ امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک 59 ہزار 266 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں۔یہاں اس وائرس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 35 ہزار 765 ہو چکی ہے ۔امریکہ کے اسپتالوں میں 8 لاکھ 34 ہزار 261 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 15 ہزار 298 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ ایک لاکھ 42 ہزار 238 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر ڈاکٹر فاؤچی کہتے ہیں کہ لاک ڈاؤن ختم کیا تو وائرس کے خلاف جنگ میں امریکہ کئی ہفتہ پیچھے چلا جائے گا۔ امریکہ میں ایک لاکھ سے ز ائد افراد کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔ امریکہ کا صوبہ نیویارک اور نیوجرسی کورونا سے بری طرح متاثر ہے ۔ صرف نیویارک میں کورونا کے تقریباََ تین لاکھ کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 22 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ نیوجرسی میں اب تک کورونا کے ایک لاکھ سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ چھ ہزار سے زائد افراد اس وبا ہلاک ہو چکے ہے ۔ سي ایس ایس ای کے مطابق میسا چوسٹس، ایلی نوائے ، کیلی فورنیا اور پنسلوانیا ایسے صوبے ہیں جہاں اب تک کووڈ -19 کے 40 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں ۔ یواین آئی