عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
واشنگٹن //امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہمارے پاس ایٹمی ہتھیاروں کا اتنا بڑا ذخیرہ ہے کہ ہم 100 دفعہ دنیا کو تباہ کر سکتے ہیں۔وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو نئے جوہری ہتھیار بنانے کی ضرورت نہیں ہے، امریکہ سالانہ ایک ٹریلین ڈالر اپنے فوجی اخراجات پر خرچ کر رہا ہے اور یہ رقم بہت زیادہ ہے، اس سے بچنے والی رقم کو دوسرے معاملات پر خرچ کیا جا سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ روس اور چین ایٹمی ہتھیار کی دوڑ میں ہیں جوبراشگون ہے، میری خواہش ہے کہ امریکا، روس اور چین اپنے دفاعی بجٹ کو آدھا کر دیں۔انہوں نے کہا کہ یوکرین میں جنگ کا آغاز نہیں ہونا چاہیے تھا اور امریکہ کو اس معاملے میں مزید فعال ہونا چاہیے تھا، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ سے ملا قات میں یہ پیشکش رکھنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ یورپی یونین اور کینیڈا کے ساتھ تجارت میں بھاری خسارہ ہو رہا ہے، گزشتہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی تھی، لیکن اس بار دھاندلی کا امکان نہیں تھا۔ادھر امریکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ میںٹیسلا سے 40کروڑ ڈالرکی بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کا معاہدہ زیر غور ہے۔ خبر رساں ادارے ڈراپ سائٹ نے سرکاری دستاویزات جاری کرتے ہوئے کہ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد ٹیسلا یقینی طور پر سب سے بڑا معاہدہ کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ اس سے قبل ایلون مسک نے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ حکومتی فنڈز کے استعمال میں مکمل غیر جانبداری برقرار رکھیں گے اور مفادات کے ٹکراوکا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ ٹرمپ نے اتحادیوں اور حریفوں پر جوابی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کردیا، ان کا کہنا ہے کہ امریکہ کے اتحادی تجارت کے معاملے میں دشمنوں سے زیادہ بدتر رہے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک روڈ میپ پیش کیا ہے ، جس کے تحت ان ممالک پر جوابی محصولات عائد کیے جائیں گے جو امریکی درآمدات پر ڈیوٹیز عائد کرتے ہیں۔اس حوالے سے صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ تجارتی شراکت داروں پر جوابی ٹیکس لگانا امریکہ کے مفاد میں ہے ، شراکت دار ملکوں پر جوابی ٹیکس سے شفافیت آئے گی۔روس یوکرین جنگ کے حوالے سے امریکی صدر نے کہا کہ روس یوکرین میں جنگ ہی نہیں ہونی چاہیے تھی، سابق بائیڈن حکومت نے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ فوجی اخراجات میں ایک ٹریلین ڈالر خرچ ہورہے ہیں یہ رقم بہت زیادہ ہے ، میں کہتا ہوں ایک ٹریلین ڈالر دیگر چیزوں پر خرچ ہونا چاہیے ۔ امریکا کے پاس دنیا کا بہترین فوجی سامان موجود ہے ۔روس یوکرین جنگ کے خاتمے سے متعلق انہوں نے کہا کہ میونخ میں روس اور یوکرین کے درمیان بات چیت کا امکان ہے جس میں سعودی عرب بھی شرکت کررہا ہے ۔دوسری جانب جوابی محصولات عائد کیے جانے کے حوالے سے وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے اقدام سے اقتصادی اور قومی سلامتی کو تقویت ملے گی۔یہ محصولات فی الفور نافذ نہیں ہوئے البتہ چند ہفتوں میں لاگو کیے جاسکتے ہیں، وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار کے مطابق ٹرمپ کی تجارت اور معیشت سے متعلق ٹیم اس وقت دو طرفہ تجارتی اور محصولات کے تعلقات کا جائزہ لے رہی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ پہلے ان معاملات پر غور کرے گی، جو سب سے زیادہ “سنگین سمجھے جاتے ہیں، جیسے کہ وہ ممالک جن کا امریکہ کے ساتھ تجارتی سرپلس سب سے زیادہ ہے یا جو بلند ترین محصولات عائد کرتے ہیں۔