ایجنسیز
نیویارک//امریکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن نے تہران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یہ اعلان کرے کہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملے بند کر دیے جائیں گے۔جمعے کے روز نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر صحافیوں سے گفتگو کرنے والے کچھ سینیئر امریکی حکام نے بتایا کہ ایرانی قیادت کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے، تاہم امریکہ چاہتا ہے کہ ایران باضابطہ بیان جاری کر کے اس بات کی یقین دہانی کرائے کہ اس کی فورسز آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو نشانہ نہیں بنائیں گی۔ایک امریکی عہدیدار کے مطابق، ’’ہم مطالبہ کر رہے ہیں کہ ایران عوامی طور پر تسلیم کرے کہ آبنائے ہرمز کے تمام بحری راستے کھلے ہیں اور وہاں جہازوں پر فائرنگ نہیں کی جا رہی۔ یا تو ایران ایسا بیان جاری کرے گا یا پھر مذاکرات کا نتیجہ اس کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔‘‘گزشتہ ہفتے قطر اور سعودی عرب سے وابستہ تین تجارتی آئل ٹینکروں پر آبنائے ہرمز میں فائرنگ کے واقعے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔اس امریکی عہدیدار نے صحافیوں کو بتایا کہ ایران کا مؤقف ہے کہ یہ حملے ’’اس کے نظام کے ایک بے قابو حصے‘‘ کی جانب سے کیے گئے تھے۔