واشنگٹن // امریکا نے لمبے فاصلے پر مار کرنے والا جدید ترین میزائیل ڈیفینس سسٹم غاصب صیہونی ریاست اسرائیل میں نصب کردیا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی حکام نے اسرائیل میں جدید ترین دفاعی نظام کی تعیناتی کا مقصد امریکی افواج کی صلاحیتوں کو جانچنا اور ایران کے طاقتور میزائلوں کی خطے میں کارروائی کے خدشات ہیں۔ امریکی افواج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مذکورہ دفاعی سسٹم کی اسرائیل میں تعیناتی اسرائیل کو خطے میں درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے طے شدہ وعدے کی عکاس ہے، امریکی افواج ہر خطرے کے خلاف فوری طور پر ہر وقت اور ہرجگہ کارروائی کرنے کو تیار ہے۔ خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ’ٹرمنل ہائی ایلٹی ٹیوڈ ایریا ڈیفینس سسٹم یا تھاد‘ کو جنگی ساز و سامان بنانے والی امریکی کمپنی لوک ہیڈ مارٹن نے تیار کیا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ جدید ترین دفاعی نظام ’ تھاڈ ‘ کی تنصیب درحقیقت دونوں ممالک کی افواج کے درمیان دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کا عہد نامہ ہے، اس سسٹم سے اسرائیلی فوج کو مشرقِ وسطیٰ سے درپیش قریب اور دور کے خطرات سے نبرد آزما ہونے میں بھرپور مدد ملے گی۔ اسرائیلی آرمی کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل جوناتھن کا کہنا تھا کہ تھاڈ میزائل سسٹم پیر کے روز امریکا اور یورپ سے اسرائیل پہنچا تھا جسے جنوبی اسرائیل میں نصب کردیا گیا ہے۔