امرناتھ یاترا2022

عازم جان
بانڈی پورہ// لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکریٹری نتیشور کمار نے جمعرات کو متعلقہ افسران کے ساتھ سمبل یاترا ٹرانزٹ کیمپ کا دورہ کیا تاکہ  امرناتھ یاترا 2022کے لیے کیے جا رہے انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔ ان کے ساتھ صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورنگ کے پولے، ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد، ڈپٹی کمشنر گاندربل کریتیکا جیوتسنا، سینئر سپرانٹنڈنٹ آف پولیس محمد زاہد، ایس ڈی ایم سمبل ڈاکٹر بشیر احمد لون ،ایگزیکٹیو انجینئر آر اینڈ بی سمبل، ایگزیکٹیو انجینئر پی ڈی ڈی سمبل، تحصیلدارسمبل اور ضلع کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے ۔پرنسپل سکریٹری نے کئے جا رہے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ یاترا کے آغاز سے قبل تمام ضروری انتظامات کو اچھی طرح سے یقینی بنایا جائے تاکہ یاتریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے یاترا ٹرانزٹ کیمپ میں صفائی ستھرائی کا مناسب انتظام کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے افسران کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پہلے سے تیار شدہ جھونپڑیوں کی تعمیر کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ پرنسپل سکریٹری نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ وہ شادی پورہ یاترا ٹرانزٹ کیمپ میں چوبیس گھنٹے بنیادی طبی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائے جس میں ڈاکٹروں، پیرامیڈیکس اور ضروری ادویات کی موجودگی بھی شامل ہے۔ انہوں نے ٹرانزٹ پر دستیاب تمام ضروری سہولیات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ایف سی ایس اور سی اے ڈیپارٹمنٹ کو یاترا کے دنوں میں تمام ضروری اشیا کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی تھی۔ انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ یاتریوں کے سفر کو ہموار اور آسان بنانے کے لیے تمام ٹرانزٹ اور بیس کیمپوں کے علاوہ ہالٹنگ اسٹیشنوں اور راستوں پر مناسب انتظامات اور سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔ نتیشور کمار نے یاترا ٹرانزٹ کیمپ شادی پورہ سمبل میں سیکورٹی انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور سیکورٹی سسٹم کو اپ گریڈ کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ امرناتھ یاترا 2022کے ہموار انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے جوش اور مکمل تال میل کے ساتھ کام کریں۔