محمد تسکین
بانہال // ہفتے کی صبح قریب ساڑھے دس بجے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر بانہال کے کھارپورہ گاؤں میں پیش آئے سڑک کے ایک حادثے میں ایک پرائیویٹ ٹرک میں سفر کر رہے انڈو تبتین باڈر پولیس (ITBP) کے تین اہلکاروں سمیت چار افراد اسوقت زخمی ہوئے جب یہ ٹرک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر شاہراہ سے قریب ایک سو فٹ نیچے گر گیا۔ جموں سے وادی کشمیر کی طرف آرہا یہ نجی ٹرک آئی ٹی بی پی کی اْس ایک بڑی کانوائے کا حصہ تھا جسے 29 جون سے شروع ہونے جارہی شری امرناتھ یاترا کی حفاظت کے سلسلے میں وادی کشمیر میں تعینات کیا جا رہا ہے۔ قصبہ بانہال سے قریب ایک کلومیٹر دور جموں سرینگر قومی شاہراہ سے نیچے کھارپورہ کی بستی کے کئی رہائشی مکان اس ٹرک کی زد میں آنے سے بچ گئے تاہم بجلی کے ایک کھمبے سے ٹکرانے کی وجہ سے گاوں میں بجلی کے ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔ ایس ایچ او بانہال عاشق بخاری نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ یہ حادثہ قصبہ بانہال کی حدود میں بانہال فورلین بائی پاس کی زیر تعمیر جنکشن کے قریب پیش آیا اور حادثے کے فوراً بعد کھارپورہ کے مقامی لوگوں، پولیس، ٹریفک پولیس اور بانہال والنٹیئرس کے رضاکاروں نے حادثے کے دس منٹ کے اندر اندر بچاو کاروائیوں کا آغاز کیا اور کھارپورہ کی بستی میں گر کر تباہ ہوئے اس ٹرک سے چار زخمیوں کو فوری طور پر علاج کیلئے سب ضلع ہسپتال بانہال پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں انڈو تبتین بارڈر پولیس کے تین اہلکار اور ٹرک کا ڈرائیور زخمی ہوئے ہیں تاہم بانہال ہسپتال میں ان کی حالت مستحکم ہے۔ پولیس نے زخمی ہوئے آئی ٹی بی پی کے تین جوانوں کی شناخت گوتم سنادھن ساکنہ اڑیسہ، لکھماسی سنگھ ساکنہ اتراکھنڈ اور ستپال سنگھ ساکن ریاست اتراکھنڈ کے طور کی ہے جبکہ زخمی ہوئے ٹرک ڈرائیور کی شناخت منظور احمد بٹ ساکنہ کھنمو سرینگر کے طور کی ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں ایک کیس درج کرکے مزید قانونی کاروائی شروع کر دی ہے۔ اس دوران اس حادثے میں بار بار کی طرح اب اکی بار بھی کمال پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچاو کاروائیوں میں اہم رول ادا کرنے والے این جی او ’بانہال والنٹیئرس ‘ کے رضاکاروں کی سوشل میڈیا پر ہر طرف سے سراہنا کی جارہی ہے اور سڑک حادثات سمیت دیگر ناگہانی آفات کے وقت پولیس اور انتظامیہ کے شانہ بشانہ بچاو اور راحت رسانی میں ہمیشہ ہی پیش پیش رہنے والے بانہال والنٹیئرس کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔