سرینگر // 28جون سے شروع ہونے والی سالانہ امر ناتھ یاترا کو پرامن طور منعقد کرانے کے حوالے سے سیکورٹی کی جملہ ایجنسیوں کو آپسی تال میل اور الرٹ رہنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ امورداخلہ کے مطابق یاترا کو پرامن طور پر منعقد کرانے اور یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تین دائروں والی سیکورٹی کا انتظام کیا جارہا ہے جس کے لیے قریب 23ہزار سیکورٹی اہلکاروں کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔ فوج، بی ایس ایف اور جموںوکشمیر پولیس کو سی آر پی ایف کی معاونت کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ ایس ایس پیز اور ایس ایس پی رینک کے افسران مختلف فورسز ٹکڑیوں کی نگرانی کریں گے اور اس سلسلے میں یاتریوں کو آپس میں تال میل اور رابطہ کو مضبوط بنانے کی خاطر یاتراشروع ہونے سے دو دن قبل ایک کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جہاں چوبیس گھنٹوں یاتریوں کے لیے ٹیلی فون سہولیات میسر رکھی جائیں گی۔ اس دوران شرپسندوں پر کڑی نگاہ اور جنگجوئوں کی طرف سے کی جانے والی گڑ بڑ کو روکنے کے لیے حساس مقامات پر سی سی ٹی ویز، موبائل بنکرزاور کھوجی کتوں کی ایک ٹیم کی خدمات میسر رکھی جائیں گی تاکہ کوئی ناخوشگوار واقع رونما نہ ہوپائے۔اس دوران معلوم ہوا ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ نے گزشتہ سال کے دوران جنگجوئوں کی طرف سے یاتریوں پر حملے اور وادی میں بڑھتی جنگجویانہ سرگرمیوں کے پیش نظر امسال یاترا کو پرامن منعقد کرانے کی خاطر سیکورٹی کے کڑے انتظامات اُٹھانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ اس سلسلے میں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں سالانہ امرناتھ یاترا کے سلسلے میں اُٹھائے گئے انتظامات کاجائزہ لیا اور افسران کو ہدایت کی کہ وہ امسال یاترا کے لئے مزید 22500فورسز اہلکاروں کی تعیناتی یقینی بنائیں۔