عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سالانہ امرناتھ یاترا کے آغاز سے قبل انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وی کے بردی نے یاترا کے دوران ملک دشمن عناصر کے ذریعہ یاتریوں کو کسی بھی نقصان سے بچانے کے لیے مناسب اور مستقل حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔52 روزہسالانہ امرناتھ یاترا 29 جون کو شروع ہوگی اور 19 اگست کو کشمیر ہمالیہ میں اختتام پذیر ہوگی۔پولیس اور سی اے پی ایف کے افسران کے ساتھ ہفتہ کو ایک سیکورٹی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے، بردی نے مناسب، مضبوط اور مستقل حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتہ کو یاترا کے راستے اور کیمپنگ کے مختلف مقامات پر کیے جانے والے حفاظتی انتظامات کا معائنہ کرنے کے لیے انہوں نے نویوگ ٹنل سے چندنواری کا بھی دورہ کیا۔سیکورٹی بندو بست کے معائنہ کا مقصد تمام شرکا کے لیے ایک محفوظ اور بغیر کسی رکاوٹ کے یاترا کو یقینی بنانا تھا۔ آئی جی پی کشمیر نے مختلف کیمپنگ سائٹس پر سیکورٹی انتظامات کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا اورسیکورٹی کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے سخت نگرانی اور گشت پر زور دیا گیا۔معائنہ میں نگرانی کے نظام اور ہنگامی ردعمل کے پروٹوکول کے علاوہ زمین پر تعیناتی، رسائی کنٹرول، چیکنگ ٹیموں اور ان کے سامان کا جائزہ شامل تھا۔آئی جی پی نے اعلی سطح کی چوکسی اور تیاری کو برقرار رکھنے میں پولیس اور سی اے پی ایف کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے، یاترا 2024 کی پوری مدت کے دوران اسی جذبے کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔چندنواری میں، آئی جی پی کشمیر نے پولیس اور سی اے پی ایف کے افسران کے ساتھ یاترا کے لیے رکھے گئے حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے موجودہ سیکورٹی صورتحال اور یاترا کی حفاظت کو مزید مضبوط بنانے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کوآرڈینیشن میکانزم، انٹیلی جنس شیئرنگ، اور کسی بھی ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ہنگامی منصوبوں پر غور کیا۔بردی نے تمام یاتریوں کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اور سی اے پی ایف کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے افسران پر بھی تاکید کی کہ وہ اپنے فرائض میں چوکس اور مستعد رہیں۔آئی جی پی کشمیر کو افسران نے آئندہ امرناتھ یاترا-2024 کے لیے مجوزہ حفاظتی اقدامات اور انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔بریفنگ میں ایکسیس کنٹرول، اے ایس سی، کیمپ سیکیورٹی کے انتظامات، جدید اور تکنیکی آلات کا استعمال، روڈ اوپننگ پارٹیز، لیٹرل، ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی تیاری وغیرہ شامل تھے۔افسران کو چیئرنگ آفیسر نے یاترا کے پرامن انعقاد کے لیے زمینی سطح پر کام کرنے والی مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ بہتر تال میل اور ہم آہنگی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے افسران کو سی سی ٹی وی اور ڈرون سمیت جدید سیکیورٹی گیجٹس/ٹیکنالوجی کا خاطر خواہ استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ سیکیورٹی سرویلنس گرڈ کو بڑھایا جا سکے اور اے این ای اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔