اشفاق سعید
سرینگر //محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اگلے 12گھنٹوں کے دوران کئی مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ منگل کی صبح/دوپہر سے جموں و کشمیر میں زیادہ تر مقامات پر درمیانی سے بھاری بارش کا امکان ہے۔محکمہ نے کہا کہ منگل کو بارش کی شدت رہے گی۔ادھرپیر سہ پہر سے وادی کے کئی میدانی علاقوںمیںہلکی بارش ہوئی جبکہ امر ناتھ، زوجیلازیرو پوائنٹ، تھاجواس، کھلن مرگ، افروٹ گلمرگ اور پہلگام کے بالائی علاقوں میں تیسرے روز بھی ہلکی برفباری جبکہ سونہ مرگ، گنڈ، کلن، گگن گیر اور کنگن میں دن بھر موسلا دھار بارشیں ہوئیں۔وادی کے بیشتر میدانی علاقوں میں ہلکی و در میانہ درجے کی بارشیں ہوئیں۔محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے کچھ حصوں، جموں ڈویژن میں منگل اور بدھ کو موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔23جون کے بعد موسم میں مجموعی طور پر بہتری کی پیش گوئی کرتے ہوئے، محکمہ موسمیات نے کہا کہ منگل کی دوپہر سے بدھ کی دوپہر تک جنوبی کشمیر اور جموں خطہ کے “بکھرے مقامات” پر تیز بارش کا امکان ہے۔ انہوں نے کہاکہ سرینگر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 0.9 ملی میٹر بارش ہوئی اور کم سے کم 13.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات 12.6 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ انہوں نے کہا کہ موسم گرما کے دارالحکومت میں سال کے اس وقت کے دوران درجہ حرارت معمول سے 2.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔قاضی گنڈ میں 9.6 ملی میٹر اورپہلگام میں 5.0 ملی میٹر بارش ہوئی۔کوکرناگ میں 12.8 ملی میٹر اور گلمرگ میں 4.8 ملی میٹر بارش ہوئی ۔