نیوز ڈیسک
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے امرناتھ میں جاری بچاؤ اور راحتی آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں جی او سی 15 کور، ڈی جی پی، اے سی ایس ہوم، اسپیشل ڈی جی سی آئی ڈی، اے ڈی جی پی کشمیر، اے او سی ایئر فورس، پرنسپل سکریٹری، ڈویژنل کمشنر کشمیر اور سینئر افسران موجود تھے۔
جنہوں نے بادل پھٹنے کے واقعہ میں اپنی جان گنوانے والے عقیدت مندوں کو خراج پیش کرنے کیلئے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔لیفٹیننٹ جنرل اے ایس اوجلا، جی او سی 15 کور اور ڈی جی پی دلباغ سنگھ، نے لیفٹیننٹ گورنر کو غار میں جاری بچاؤ کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ جی او سی نے کہا کہ ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں شامل تمام ایجنسیاں بہترین تال میل کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور وہ ملبہ ہٹانے کے لیے اچھی طرح سے لیس ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ملبہ کو کم سے کم وقت میں صاف کرنے کی کوشش کی جانی چاہئے۔
ڈی جی پی نے لیفٹیننٹ گورنر کو زخمی عقیدت مندوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر زخمیوں کو پہلے ہی ڈسچارج کر دیا گیا ہے اور چند دیگر بیس ہسپتال اور سرینگر میں زیر علاج ہیں، جن کا 24 گھنٹے کے اندر فارغ ہونے کا امکان ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا”میں یاتریوں سے کیمپوں میں رہنے کی درخواست کرتا ہوں۔ انتظامیہ ان کے آرام سے قیام کے لیے تمام سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ ہم یاترا کو جلد از جلد بحال کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں،‘‘۔انہوں نے سینئر حکام، ڈپٹی کمشنرز اور کیمپ ڈائریکٹرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ کیمپوں میں مقیم یاتریوں کو بہترین ممکنہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
صوبائی کمشنر، کور کمانڈر اور آئی جی کا دورہ
غلام نبی رینہ
بالتل(سونہ مرگ)//سنیچروار کی صبح فوج کے15ویں کور کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل اے ڈی ایس چلا، صوبائی کمشنر پی کے پولے اور انسپکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار نے گھپا کا دورہ کیا اوروہاں بادل پھٹنے کے نتیجے میں ہوئے جانی نقصان کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک 16لاشیں برآمد ہوئی ہیں جبکہ چالیس افراد لاپتہ ہیں، جن کو بازیاب کرنے کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، فوج، پولیس اور مختلف ایجنسیوں کی ٹیمیں کام کررہی ہیں۔انہوںنے یہاں سیول وفورسزحکام سے تازہ صورتحال کے بارے میں جانکاری لینے کیساتھ ساتھ بحالی کے کاموں نیزیاتریوںکی یہاں سے دوسرے مقامات پرمنتقلی کے بارے میں بھی آگاہی حاصل کی ۔سیول وپولیس انتظامیہ کے دونوں اعلیٰ حکام نے سیلابی صورتحال کے بعدیہاں تعینات فورسز اوردیگرایجنسیوں کے فوری بچائو اقدامات کی سراہنا کی ۔