سمت بھارگو
راجوری//مرکزی وزیر داخلہ مت شاہ کی 4 اکتوبر کی ریلی عملی اعتبار سے ہائی ٹیک ہونے جا رہی ہے جس کیلئے راجوری قصبے میں متعدد مقامات پر خصوصی سکرینیں لگائی جائیں گی جہاں وزیر داخلہ کا خطاب براہ راست دکھایا جائے گا اور جو کوئی بھی ریلی کے مقام پر نہیں آ سکا ان سکرینوں پر ریلی دیکھ اور سن سکتاہے۔ریلی کے انتظامات کو دیکھ رہے بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں نے گریٹر کشمیر کو بتایا کہ یہ ریلی آن لائن اور آف لائن دونوں صورتوں میں ہوگی اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں کہ وہ تمام لوگ جو ریلی میں پہنچیں ان کو معیاری سہولیات میسر ہوں جبکہ پنڈال کیلئے لگایا گیا ٹینٹ واٹر پروف نوعیت کا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس ریلی کے لئے کچھ آن لائن انتظامات بھی کئے گئے ہیں اور شہر کے مختلف مقامات پر متعدد اسکرینیں لگائی جانی ہیں۔یہ سکرینیں سلانی پل، ڈاک بنگلہ راجوری، جواہر نگر اور قصبے کے دیگر مقامات پر لگائی جائیں گی۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ ہزاروں لوگ جو کسی نہ کسی وجہ سے ریلی میں نہیں آسکتے ہیں وہ آن لائن موڈ میں ریلی کا حصہ بن سکتے ہیں۔دریں اثنا، اتوار کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت کی طرف سے عوامی رابطہ پروگراموں کو بڑھانے اور لوگوں کو اس ریلی کا حصہ بننے کے لئے ترغیب دینے کے لئے درجنوں جلسے منعقد کئے گئے۔یہ میٹنگیں جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ میں منعقد کی گئیں جن میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جس میں بی جے پی لیڈروں نے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے مرکزی وزیر داخلہ کی عوامی ریلی کا حصہ بننے اور اسے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔بی جے پی قائدین دعویٰ کررہے ہیں کہ ایک لاکھ سے زیادہ لوگ اس ریلی کا حصہ ہوں گے جو کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی 2014 کی ریلی کے بعد سب سے بڑی ریلی ہوگی جو اسمبلی انتخابی مہم کے ایک حصہ کے طور پر اسی مقام پر منعقد کی گئی تھی۔