یو این آئی
نئی دہلی//کانگریس نے کہا ہے کہ حکومت کہتی ہے کہ ملک کے خلاف بین الاقوامی سازش ہو رہی ہے تو یہ بہت سنگین مسئلہ ہے اور ایسی سازش کرنے والے کا پردہ فاش کرنے میں ناکام ملک کے وزیر داخلہ امت شاہ کوعہدے سے ہٹا دینا چاہئے۔کانگریس کی ترجمان راگنی نائک نے جمعہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک بھر میں فرقہ پرستی، تشدد اور نفرت کا زہر پھیلایا جا رہا ہے – ‘بٹیں گے تو کٹیں گے’ جیسے نعرے لگائے جا رہے ہیں۔ ایسے میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کنیا کماری سے کشمیر تک اور منی پور سے مہاراشٹر تک کی یاترائیں نکالیں، جس کا مقصد محبت سے ہندوستان کو جوڑنا تھا۔انہوں نے کہا، ایک شخص جو مزدور، کسان، موچی، بڑھئی، ڈرائیور جیسے تمام طبقات کی زندگیوں سے جڑی جدوجہد کو سمجھ کر اس کا حل تلاش کرتا ہے، ایک شخص جو دلتوں، پسماندہ طبقات، خواتین کی آواز اٹھاتا ہے، ان کے حق کی لڑائی لڑتا ہے، اس شخص کو یہ لوگ غدار کہتے ہیں۔ لیکن سچ یہ ہے کہ بی جے پی-آر ایس ایس ملک کا سب سے بڑا ٹکڑے ٹکڑے گینگ ہے۔ راہل جی ہمیشہ عوامی مسائل کو اٹھاتے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی اٹھائیں گے۔