سرینگر//ناظم اطلاعات و تعلقات عامہ طارق احمد زرگر کی صدارت میں الیکٹرنک میڈیا کیلئے اشتہارات کی شرح اور ڈرافٹ پالیسی گائیڈ لائینس کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں تشکیل دی گئی کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی ۔ یہ رہنما خطوط تیار ہونے کے بعد حکومت کو منظوری کیلئے پیش کئے جائیں گے ۔ میٹنگ میں جوائینٹ ڈائریکٹر انفارمیشن ساجد نقاش یحیٰ ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن پی آر جموں اتل گپتا ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن اے وی راکیش دوبے ، پروگرام ایگزیکٹو دور درشن این آر دامور ، پروگرام ایگزیکٹو ریڈیو کشمیر سرینگر طلحہ جہانگیر رحمانی ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پروگرامز ڈی ڈی کے سرینگر چندرو دودرجیا، آئی ایم ایم سی جموں کے نمائیندے انشو ماتھر ، انفارمیشن افسر اے وی مزمل زماں اور محکمہ اطلاعات کے دیگر افسران موجود تھے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ڈی آئی پی آر الیکٹرانک میڈیا کو سرکاری اشتہارات اور سپانسرڈ پروگراموں کے اجراء کیلئے نوڈل ایجنسی کے طور پر کام کرے گا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ پرائیویٹ کیبل اور سیٹ لائیٹ ٹی وی چینلوں کو ایم پینل منٹ کرنے کا بنیادی مقصد اشتہارات کو بڑے پیمانے پر تشہیر دینا ہے ۔ میٹنگ میں ڈرافٹ پالیسی گائیڈ لائینز اور الیکٹرانک میڈیا کیلئے ریٹ سٹریکچر پر سیر حاصل بحث ہوئی جس میں ممبران نے اپنی آراء پیش کی ۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ کمیٹی کے ممبران کی صلاح اور سفارشات کی بنیاد پر حتمی سفارشات حکومت کے انتظامی محکمے کو منظوری کیلئے پیش کی جائیں گی ۔