عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // بھارتی الیکشن کمیشن(ای سی آئی)کی جانب سے 13-14 مارچ کو آئندہ پارلیمانی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرنے کی امید ہے۔ اعلان کے بعد ضابطہ اخلاق نافذ ہو جائے گا۔الیکشن کمیشن ٹیموں نے اب تک کئی ریاستوں کا دورہ کیا ہے اور وہاں انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے چیف الیکٹورل آفیسرزکے ساتھ میٹنگیں کی ہیں۔ای سی آئی کے عہدیدار فی الحال تمل ناڈو کا دورہ کر رہے ہیں۔ آنے والے ہفتے میں، کمیشن کی ٹیم اتر پردیش اور جموں و کشمیر کا دورہ کرے گی۔ مکمل کمیشن 11-12 مارچ کو جموں و کشمیر کا دورہ کرے گا تاکہ انتخابات کی تیاریوں اور وہاں کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔الیکشن کمیشن کے نظام الاوقات میں جموں کشمیر کا دورہ آخری ہے ۔ تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے اور ضروری ہدایات جاری کی جاسکیں۔ اس طرح یہ خیال کیا جاتا ہے کہ کمیشن جموں و کشمیر سے واپسی کے فوراً بعد انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے گا۔یاد رہے کہ 2019 کے سات مرحلوں والے لوک سبھا انتخابات کے شیڈول کا اعلان 10 مارچ کو کیا گیا تھا، جب کہ 2014 کے نو مرحلوں والے پارلیمانی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان 5 مارچ کو کیا گیا تھا۔اس سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں تقریباً 97 کروڑ ہندوستانی ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے۔ مہینوں کی گہری خصوصی سمری نظرثانی 2024 کے بعد فروری کے شروع میں ملک بھر کی تمام ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں انتخابی فہرستیں شائع کی گئیں۔کئی ریاستیں جیسے آندھرا پردیش، اڈیشہ، سکم اور اروناچل پردیش میں بیک وقت لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات ہوں گے۔