جموں//ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے کہاہے کہ لوگوں کو پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے بیانات کو سنجیدگی سے لینے کے بجائے ان کی پارٹی کی موجودہ صورتحال پر ان سے ہمدردی کرناچاہئے ۔جموں یونیورسٹی میں ایک تقریب کے حاشئے کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندگان سے بات کرتے ہوئے گورنر نے کہا’’کیوں لوگ محبوبہ مفتی کی پریشانیوں اور صورتحال سے ہمدردی کا اظہار نہیں کرتے ،الیکشن سر پر ہیں ،ان کی جماعت ٹوٹ رہی ہے ، ان کی جماعت بہت خراب حالت میں ہے ،وہ صرف اسی حربے (فوج کی حوصلہ شکنی )کے ساتھ اقتدار میں آئیں اور وہ اب پارٹی کو بچانے کی کوشش میں فورسز اور ملک کے سیاسی نظام کے خلاف بیانات دے رہی ہیں اس لئے ان کو سنجیدگی سے نہیں لیناچاہئے ‘‘۔گورنر، محبوبہ مفتی کے گزشتہ روز کے بیان پر رد عمل کا اظہار کررہے تھے جس میں موصوفہ نے پلوامہ کے ایک نوجوان کی ہلاکت پر فوج پر تنقید کی تھی ۔ گورنر نے کہاکہ پی ڈی پی صدر کے بیانات سے سیکورٹی فورسز کے حوصلوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ان کاکہناتھا’’ہماری سیکورٹی فورسز کے حوصلے بلند ہیں اور ان پر محبوبہ مفتی یا کسی دوسرے ایسے لیڈر کے بیانات کا کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ ہم فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں‘‘۔تاہم انہوں نے کہاکہ آرمڈ فورسز کو سختی سے ہدایات جاری کی گئی ہیں اور فوج کی طرف سے حراساں کرنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ ستیہ پال ملک کاکہناتھا’’ہم نے سختی سے ہدایات جاری کی ہیں اور بربریت کا کوئی ثبوت نہیں تاہم ہم نے ماضی میں پولیس کے ہاتھوں حراساں کرنے کے کچھ واقعات سنے جن کی تحقیقات کی کوشش کی جارہی ہے ، ہم فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اور اگر کوئی مخصوص شکایت آتی ہے تو ہم اس کی تحقیقات کیلئے تیار ہیں‘‘۔