عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے الال اور بھٹیلی علاقے میں واقع تھنہ تا درہ – ڈھوک زیر تعمیر سڑک پر دو پلوں کی لانچنگ کا کام شروع ہو گیا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے عوام کو شدید مشکلات سے نجات ملنے کی امید کی جا رہی ہے۔ کئی سالوں سے اس علاقے کے عوام پلوں کی تعمیر کیلئے آواز اٹھا رہے تھے، کیونکہ برسات اور برفباری کے دوران دریا عبور کرنا دشوار ہو جاتا تھا۔ کچھ عرصہ قبل اس منصوبے پر کام تیزی سے جاری تھا، لیکن بعد میں یہ کام روک دیا گیا تھا۔ اب محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے دونوں پلوں پر بیک وقت لانچنگ کے آغاز سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی نوجوانوں نے بتایا کہ پلوں پر مسلسل کام جاری رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ منصوبہ جلد مکمل ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پل نہ ہونے کی وجہ سے چھ سے سات دیہات کے عوام کو دریا عبور کر کے تھنہ منڈی جانا پڑتا تھا، جو مشکل تھا۔ سابق سرپنچ منشی خان، جو اس منصوبے کی نگرانی کر رہے ہیں، نے بتایا کہ دونوں پلوں کی لانچنگ کا عمل جاری ہے اور جلد کام مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھنہ منڈی تا کھنیال کوٹ ڈھوک درہ رابطہ سڑک کا ری ٹینڈر ہو چکا ہے اور جلد تعمیر نو بھی شروع ہو جائے گی۔ منشی خان نے کہا کہ محکمہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سڑک اور پلوں کی تعمیر جلد مکمل ہو گی تاکہ عوام کو راحت ملے۔ انہوں نے محکمہ سے اپیل کی کہ منصوبے میں مزید تاخیر نہ کی جائے اور عوام کی مشکلات جلد ختم کی جائیں۔ عوام نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ انہیں درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔