اقلیتوں کے لیڈر کا ڈونلڈ ٹرمپ کو منہ توڑ جواب

 واشنگٹن// امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی اور اقلیتوں کے لیڈر چک شومر نے میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر سے متعلق خطاب پر امریکی صدر کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کی منظوری نہ دینے پر نالاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلی وڑن پر جارحانہ خطاب کرتے ہوئے حکومتی شٹ ڈاون برقرار رکھنے کی دھمکی دے دی۔ امریکی صدر کے خطاب کے فوری بعد ڈیمو کریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی اور سینیٹ میں اقلیتوں کے لیڈر چک شومر نے ویڈیو بیان جاری کردیا۔ دونوں رہنماوں نے کہا کہ امریکی جمہوریت اس طرح کام نہیں کرتی اور نہ ہی جذباتی انداز سے حکومت چلائی جا سکتی ہے۔ صدر قوم میں ڈر پھیلانے، حکومتی بحران بڑھانے اور اپنی ناکامی چھپانے کے لیے ٹی وی پر آئے اور ناقص معلومات پر مبنی خطاب کیا۔ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا کہ میکسیکو سرحد اور حکومتی شٹ ڈاون پر صدر ٹرمپ نے ڈر کو چْنا ہے جب کہ ڈیموکریٹس حقائق سے بات شروع کرنا چاہتے ہیں۔ آئیں اس اہم معاملے پر خوف کو بالائے طاق رکھ کر گفتگو کریں۔ چک شومر نے کہا کہ امریکی صدر میکسیکو کو سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے لیے رقم ادا کرنے پر آمادہ نہ کرسکے، امریکی عوام کو بھی مطمئن نہیں کرسکے اور کانگریس کو بل کی منظوری دینے پر راضی نہیں کر پائے تو حکومتی شٹ ڈاون کردیا۔