نیوز ڈیسک
نئی دہلی//سپریم کورٹ نے منگل کو جموں اور کشمیر سمیت چھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں پر ناراضگی کا اظہار کیا، جو ریاستی سطح پر اقلیتوں کی شناخت کے معاملے پر مرکز کو ابھی تک اپنی رائے نہیں دے رہے ہیں۔ جسٹس ایس کے کول، اے ایس اوکا اور جے بی پاردی والا پر مشتمل بنچ نے کہا کہ ہم مرکزی حکومت کو ان کے جوابات حاصل کرنے کا آخری موقع دیتے ہیں جس میں ناکام رہنے پر ہم یہ فرض کریں گے کہ ان کے پاس کہنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔
اٹارنی جنرل آر وینکٹرامانی، جومرکز کی طرف سے پیش ہوئے، نے اقلیتی امور کی وزارت کی طرف سے دائر کی گئی حالیہ اسٹیٹس رپورٹ کا حوالہ دیا ،جس میں کہا گیا ہے کہ 24 ریاستوں اور 6 مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے اب تک اس مسئلے پر اپنے تبصرے پیش کیے ہیں۔گزشتہ ہفتے عدالت عظمیٰ میں داخل کی گئی اسٹیٹس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 6 ریاستوں اور UTs – اروناچل پردیش، جموں و کشمیر، جھارکھنڈ، لکشدیپ، راجستھان اور تلنگانہ کی رائے کا ابھی بھی انتظار ہے۔جب وینکٹرامانی نے بنچ کو بتایا کہ چھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے ابھی تک اس مسئلہ پر اپنی رائے نہیں دی ہے، بنچ نے کہا، “وہ اپنا جواب نہ دینا جاری نہیں رکھ سکتے، ہم فرض کریں گے کہ وہ جواب نہیں دینا چاہتے۔درخواست گزاروں میں سے ایک کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ہندو اقلیت میں ہیں۔بنچ نے کہا کہ UTs کا انتظام مرکز کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ایڈوکیٹ اشونی کمار اپادھیائے، جو اس کیس میں درخواست گزاروں میں سے ایک ہیں، نے کہا کہ یہ ایک اہم معاملہ ہے۔بنچ نے اس معاملے کی سماعت 21 مارچ کو مقرر کی۔