بھدرواہ //مقامی عدالت نے تیز دھار والے ہتھیاروں کے ساتھ حملہ کر کے ایک شخص کو زخمی کرنے کے جرم میں 2افراد کو 5سال کی قید با مشقت اور 20ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ مجرمان نے 26دسمبر 2006کو گورمیل سنگھ نامی شخص پر قینچی کے ساتھ حملہ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا تھا۔ اس سلسلہ میں دفعات 307, 326, 323, 504, 34 RPCکے تحت ٹھاٹھری پولیس تھانہ میں ایک ایف آئی آر 52/2006درج کی گئی ۔بعد از تحقیقات پولیس نے عدالت میں چالان پیش کر دیا ،11برس تک چلنے والی مقدمہ بازی کے بعد ایڈیشنل سیشن جج ڈوڈہ نے افلیش کما ر ولد فیروز چند ساکن پانو پریم نگر اور ریشی کمار ولد سوامی راج ساتھ گاٹھا بھدرواہ کو مجرم قرار دیتے ہوئے سزا سنائی۔ اس کے علاوہ انہیں بیس بیس ہزار روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا، سزا سنائے جانے کے فوراً بعد انہیں ڈسٹرکٹ جیل کشتواڑ منتقل کر دیا گیا ۔