یواین آئی
کابل// افغان طالبان کی جانب سے لڑکیوں کو میڈیکل کالجوں میں داخلے کی اجازت دینے کے فیصلے کو افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے مشن (یو ایم اے ایم اے) نے سراہا ہے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق میڈیکل کالجوں کے اگلے تعلیمی سال میں طالبان انتظامیہ نے لڑکیوں کو داخلے حاصل کرنے کی اجازت دے دی ہے، جس کا آغاز مارچ میں ہوگا۔اقوام متحدہ کے مشن کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہنا تھا کہ یو ایم اے کی جانب سے افغان عبوری حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، جس کے تحت ملک کے 11 صوبوں میں لڑکیاں میڈیکل کالجوں میں داخلہ حاصل کرسکیں گی۔اقوام متحدہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ خواتین اور لڑکیوں کے لئے ثانوی اور اعلیٰ تعلیم تک رسائی ضروری ہے، یہ فیصلہ جنگ زدہ ملک میں طبی سہولیات میں پائے جانے والا خلا کم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔