یو این آئی
شارجہ/محمد نبی 84، کپتان حشمت اللہ شاہدی52 کی نصف سنچریوں اور اے ایم غضنفر (چھ وکٹ) کی شاندار کارکردگی کی بدولت افغانستان نے پہلے ون ڈے میں بنگلہ دیش کو 92 رن سے شکست دے دی۔ میچ میں چھ وکٹیں لینے والے اے ایم غضنفر کو پلیئر آف دی میچ سے نوازا گیا۔افغانستان کے 235 رن کے جواب میں بیٹنگ کے لیے آنے والے بنگلہ دیش کی شروعات خراب رہی کیونکہ وہ چوتھے اوور میں تنزید حسن (تین) کا وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے کپتان نظم ال شانتو نے سومیا سرکار کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ عظمت اللہ عمرزئی نے 12ویں اوور میں سومیا سرکار (33) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ 26ویں اوور میں محمد نبی نے نظم ال شانتو (47) کو آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کو بڑا دھچکا دیا۔ مہدی حسن معراج 28 رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے ۔ اس کے بعد بنگلہ دیش کا کوئی بھی بلے باز غضنفر اور راشد خان کے سامنے نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 34.3 اوورز میں 143 کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔ اس کے ساتھ ہی بنگلہ دیش کو افغانستان کے ہاتھوں 92 رن سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔افغانستان کی جانب سے اے ایم غضنفر نے 6.3 اوورز میں 26 رنز دے کر چھ وکٹ حاصل کئے ۔ راشد خان کو دو وکٹ ملے ۔ محمد نبی اور عمر زئی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے افغانستان نے محمد نبی (84)، حشمت اللہ شاہدی (52) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت 49.4 اوورز میں 235 رن بنائے تھے ۔ صدیق اللہ اٹل (22)، گلبدین نائب (22)، راشد خان (10) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے ۔ نانگیلیا کھروٹے نے (ناٹ آؤٹ 27) کی اننگز کھیلی۔ افغانستان کے پانچ بلے باز دہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے ۔بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد اور مستفیض الرحمان نے چار چار وکٹ حاصل کئے ۔ شرف الاسلام نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔