یو این آئی
کابل// افغانستان کے شمال مشرقی صوبہ بدخشاں کے ضلع زیبک میں اتوار کے روز ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ ابھی تک کسی جانی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔یہ اطلاع افغانستان کے میڈیا کی رپورٹ میں دی گئی ہے۔دریں اثناء، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (DGCA) کے سینئر اہلکار کے مطابق، جو طیارہ بدخشاں کے کوران-منجان اور زیبک سے متصل توپخانہ پہاڑوں میں گر کر تباہ ہوا، وہ مراکش کا رجسٹرڈ DF10 طیارہ تھا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ یہ ہندوستانی طیارہ نہیں تھا۔قبل ازیں صوبہ کے انفارمیشن ایڈوائزر ذبیح امیری نے میڈیا کو بتایا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ماسکو جانے والا طیارہ ہندوستانی طیارہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو ٹیمیں بھیج دی گئی ہیں لیکن علاقہ بہت دور افتادہ ہے۔بدخشاں میں طالبان پولیس کمانڈ نے کہا کہ طیارہ صوبہ کے توپ خانہ علاقہ کے اونچے پہاڑوں میں گر کر تباہ ہوا۔دریں اثناء، ہندوستانی شہری ہوا بازی کی وزارت نے کہا کہ افغانستان میں افسوسناک طیارہ حادثہ پیش آیا اس میں ہندوستانی طیارہ شامل نہیں تھا۔ یہ مراکش کا رجسٹرڈ چھوٹا طیارہ تھا جو حادثے کا شکار ہوا ہے۔