کابل// افغانستان کی سیکیورٹی فورسز نے ملک کے مختلف حصوں میں فضائی حملوں میں 19 شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے، طالبان نے کابل خان آباد ہائی وے کا کنٹرول سنبھال لیا۔ افغان میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ننگرہار کے ضلع آچین میں ایک فضائی حملے میں شدت پسند تنظیم داعش کے 8 ارکان ہلاک ہوگئے، بدخشاں کے ضلع زیباک میں ایک کارروائی میں 6 طالبان جنگجو مارے گئے۔ ہلمند کے ضلع خان چین میں فضائی حملے میں 5 عسکریت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب قندوز کے اہم ضلع پر قبضے کے بعد طالبان نے قندوز اور خان آباد ہائی وے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ ایک روز قبل طالبان نے قندوز کے ضلع قلع ذال پر قبضہ کرلیا تھا۔