یو این آئی
واشنگٹن//امریکی ایوانِ نمائندگان کی کمیٹی برائے خارجہ امور نے وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن کو حکم دیا ہے کہ وہ 24 ستمبر کو 2021 میں افغانستان سے امریکی انخلا کے حوالے سے کمیٹی کے روبرو پیش ہوں۔کمیٹی کے ایک بیان کے مطابق “اگر سیکریٹری بلنکن پیش ہونے میں ناکام رہیں تو چیئرمین اس رپورٹ کے مکمل کمیٹی مارک اپ کے ساتھ آگے بڑھیں گے جو امریکی ایوان نمائندگان کو سفارش کرے گی کہ قانونی طور پر جاری کردہ حکم کی خلاف ورزی پر سیکریٹری بلنکن کے خلاف کانگریس کی توہین کے الزام میں کارروائی کریں۔”کمیٹی پہلے بلنکن کی 19 ستمبر کو پیشی چاہتی تھی۔ محکمہ خارجہ نے اس ماہ کے شروع میں کہا تھا کہ بلنکن کمیٹی کی تجویز کردہ تاریخوں پر گواہی دینے کے لیے دستیاب نہیں ہیں لیکن اس نے “معقول متبادل” تاریخ تجویز کی ہے ۔محکمہ خارجہ نے بدھ کے روز رائٹرز کی تبصرہ کرنے کی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا۔ریپبلکن کے زیرِ قیادت کمیٹی برسوں سے افغانستان سے ہلاکت خیز اور افراتفری کے ساتھ ہونے والے انخلاء کی تحقیقات کر رہی ہے اور ایک انتہائی سیاست والے معاملے پر اگلے ہفتے بلنکن کی قانون سازوں کے سامنے پیشی ہو گی جو پانچ نومبر کے انتخابات سے چند ہفتے قبل ہو رہی ہے ۔محکمے کے ایک ترجمان نے ستمبر کے اوائل میں کہا تھا کہ بلنکن نے افغانستان کے بارے میں کانگریس کے سامنے 14 سے زیادہ مرتبہ گواہی دی ہے جس میں کمیٹی کے سامنے چار بار گواہی بھی شامل ہے اور محکمہ خارجہ نے کمیٹی کو تقریباً 20,000 صفحات پر مشتمل ریکارڈ، متعدد اعلیٰ سطحی بریفنگ اور نقل شدہ انٹرویوز فراہم کیے ہیں۔