اصلاح معاشرہ کے عنوان سے دینی کانفرنس کا انعقاد

تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے منیہال گاؤں میں مدرسہ مدنی دارالعلوم منیال کے زیر اہتمام اصلاح معاشرہ کے عنوان سے منعقد کی گئی دینی کانفرنس کے دوران مقررین نے اپنے خطاب کے دوران منشیات اور بے راہ روی کے بڑھتے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ اتوار کو منیہال گاؤں میں ایک دینی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے بیسیوں عقیدت مندوں نے شمولیت کی۔ یہ کانفرنس خطہ پیرپنچال کی روحانی شخصیت پیر سید عنایت حسین شاہ بخاری کی صدارت میں منعقد کی گئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا اس کے بعد رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے گئے۔ اس موقع پر صدر محفل سید عنایت حسین شاہ بخاری نے معاشرے کے اندر بڑھتی منشیات فروشی اور بے راہ روی کے واقعات پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسے دین سے دوری قرار دیا۔ انھوں نے اصلاح معاشرہ پر ایک مدلل اور مفصل بیان کیا بعد مدرسہ مدنی دارالعلوم منیال کے امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگرنئی نسل کو دین کی طرف گامزن کرنا ہے تو دینی تعلیم اور مدارس سے رجوع کرنا ہوگاتبھی ہم معاشرے کو خرافات سے بچا سکتے ہیں۔کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے مہتمم مدرسہ مدنی دارالعلوم منیال حافظ محمد اسحاق خان نے بتایاکہ ’’موجودہ حالات میں نوجوانوں کے اندر منشیات کے علاوہ دیگر کئی طرح کے جرائم کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ اس کے علاوہ معاشرے میں دین سے دوری بڑھتی چلی جا رہی ہے،جس کے پیش نظر عوام خصوصاََ نوجوان نسل کو دین کی طرف راغب کرنے کیلئے ایسے اجتماعات منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انھوں نے اس پروگرام میں شرکت کرنے والے تمام عقیدت مندوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔