سرینگر//وادی میں کورونا وائرس کے خوف کے بیچ اشیایہ ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے پر کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز احمد شہدار نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اعجاز احمد شہدار نے دکانداروں پر زور دیا کہ موجودہ مشکلات وقت میں وہ قوم کے قدم بہ قدم چلے ۔انہوں نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکانداروں نے ہر صورتحال میں صف اول پر لوگوں کے ساتھ مشکل ترین صورتحال کا مقابلہ سینہ سپر کرکے کیا اور آج ایک بار پھر دکانداروں اور تاجروں سے قوم کو یہی رول ادا کرنے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ ان حالات میں چند لوگ ناجائز منافع کوری اور چور بازاری کرکے تمام دکانداروں کی شبیہ بگاڑ رہے ہیں جن کو ناہی تاجر اور ناہی تاریخ معاف کریں گی۔اعجاز شہدار نے کہا کہ کشمیر ٹریڈ الائنس از خود بھی اس بات کا نہ صرف جائزہ لے گی بلکہ نگرانی بھی کریں گی کہ حالات کا ناجائز فائدہ اٹھا کر کوئی صارفین کو لوٹ تو نہیں رہا ہے۔ انہوں نے تاجروں اور دکانداروں سے وافر مقدار میں اشیائے ضروریہ کو دستیاب رکھنے پر زور دیا۔ اعجاز شہدار نے ادویہ فروشوں سے بھی اپیل کی کہ وہ حیات بخش ادویات اور دیگر ضروری ادویات کا اسٹاک بہم رکھے تاکہ مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ ماسکوں اور سینی ٹائزر کو بھی دستیاب رکھا جائے اور انہیں چور بازاری میں اضافی نرخوں میں فروخت کرنے والے دکانادروں کو بے نقاب کریں۔ (جے کے این ایس)