عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// قصبہ تھنہ منڈی کے متعدد دکانداروں پر غریب عوام کو سرعام لوٹنے کا الزام عائد کرتے ہوئے متعدد صارفین کا کہنا تھا کہ تھنہ منڈی بازار اور اس کے قرب و جوار میں دکاندار غریب عوام کو دو دو ہاتھوں لوٹ رہے ہیں لیکن تحصیل انتظامیہ خاموش بیٹھی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مہنگائی کے ہوشربا حالات میں اشیائے خوردونوش کا حصول غریب عوام کی مشکلات میں شدید اضافے کا باعث ہے لیکن کوئی ان کا پرسان حال نہیں ہے۔ صارفین نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ دکاندار ریٹ لسٹ اس وقت آویزاں کرتے ہیں جب کوئی آفیسر بازار کا معائنہ کرنے نکلتا ہے اور اس کے فوراً بعد چور بازاری اور لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم رہتا ہے۔صارفین نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کبھی کبھار کسی عام اور غریب آدمی کو خرید وفروخت کی غرض سے بازار بھیج کر مہنگائی اور لوٹ کھسوٹ کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اشیائے خوردونوش پر من مرضی کی قیمتیں وصول کی جاتی ہیں۔ پورے قصبہ میں منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کا بازار گرم ہے اور عام آدمی کو دو دو ہاتھوں لوٹا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں کئی صارفین نے کہا کہ ضروری اشیاء کی قیمتوں میں تشویشناک اضافہ کی وجہ سے اکثر عوام غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں جو انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔ عام آدمی کا معیارِ زندگی مہنگائی کی وجہ سے بہت متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر عوامی اور اجتماعی مفادات کے لئے کوششیں کرنی ہوں گی۔ انھوں نے آسمان چھوتی قیمتوں پر قابو پانے کے لئے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کا فرض بنتا ہے کہ عوام کو ضروریات زندگی کی اشیاء سستے داموں مہیا کرے لیکن بدقسمتی سے تھنہ منڈی میں سب کچھ اس کے برعکس ہو رہا ہے اور مہنگائی کا جادو سر چڑھ کے بول رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحصیلدار تھنہ منڈی سید ساحل علی شاہ ایک دیانتدار اور ایماندار آفیسر ہیں لہٰذا ہم ان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ یہاں کے دکانداروں سبزی فروشوں اور میوہ فروشوں پر خصوصی نظر رکھیں اور ذخیرہ اندوزی کو روکنے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کریں۔ صارفین کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے کافی عرصے سے تھنہ منڈی بازار کا معائنہ نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے یہاں مہنگائی کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غریب طبقہ کے لوگ مزدوری کر کے پیسہ کماتے ہیں جنہیں سرعام بازاروں میں لوٹا جاتا ہے لیکن کوئی ان کا پرسان حال نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بازاروں میں قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کے لئے اچانک معائنہ جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بازار میں ریٹ لسٹیں آویزاں کی جائیں تاکہ سماج دشمن عناصر کو لوٹ کھسوٹ کا موقع میسر نہ آئے اور عوام کو راحت کی سانس مل سکے۔