راجوری//اے آر آئی اور ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ کے پرنسپل سیکرٹری اشوک پرمار جو راجوری کے ضلع پربھاری بھی ہیں نے راجوری کا دورہ کیا اور ضلع کے ترقیاتی منظر نامے کا جامع جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں شرکت کرنے والے افسران میں ڈی ڈی سی راجوری ، اے ڈی ڈی سی ، ڈی ایف او نوشہرہ ، پی او آئی سی ڈی ایس ، اے سی ڈی ، سی پی او ، ایس ای ہائیڈرالکس ،ایس ای جے پی ڈی سی ایل اور دیگر متعلقین شامل تھے ۔ شروع میں ڈی ڈی سی نے میٹنگ کو ضلع میں مختلف محکموں کے ذریعے لاگو کی جانے والی مختلف اسکیموں اور پروگراموں میں حاصل کی گئی کامیابیوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ۔ پاور سیکٹر کی ترقی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے آئی پی ڈی ایس ، ڈی ڈی یو وائی ، پی ایم ڈی پی ۔ یو اور پی ایم ڈی پی ۔ آر کے تحت ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ پرنسپل سیکرٹری نے متعلقہ افسر سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کٹوتی کے نظام الاوقات پر سختی سے عمل کرتے ہوئے عام لوگوں کو بجلی فراہم کی جائے ۔ جل جیون مشن کے تحت پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع کیلئے 1942.80 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے 293 اسکیموں کو منظوری دی گئی ہے ۔ ٹینڈروں کی الاٹمنٹ کا نوٹس لیتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ جے جے ایم پروجیکٹوں کیلئے فوری طور پر ٹینڈرز الاٹ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ وسیع تر عوامی مفاد کیلئے تمام پروجیکٹ بروقت مکمل ہوں ۔ میٹنگ میں ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹ پیدا کرنے والے مسائل پر بھی بات چیت کی گئی جس پر پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ ترقیاتی رکاوٹوں کو دور کرنے اور کاموں کی بروقت تکمیل کیلئے ایک دوسرے پر منحصر تال میل ضروری ہے ۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے افسران سے کہا کہ وہ عام لوگوں کو فوری اور معیاری خدمات فراہم کرنے کیلئے سرشار کوششیں کریں اور ان کی حقیقی شکایات کو بروقت دور کرنے کیلئے موثر اقدامات کریں تا کہ ان کی تکلیف کو کم کیا جا سکے ۔ زمینی سطح پر فلاحی اسکیموں اور پروگراموں کے بہتر نفاذ پر زور دیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوام کو کئی فلاحی اقدامات کے بارے میں آگاہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسکیموں کے تحت زیادہ سے زیادہ استفادہ کنندگان کا احاطہ کیا جائے ۔ یہ بتاتے ہوئے کہ راجوری میں سیاحت کے شعبے میں بہت بڑی صلاحیت ہے انہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ ضلع کی سماجی و اقتصادی حیثیت کو بلند کرنے کیلئے اس صلاحیت کو مزید بروئے کار لانے کیلئے سرشار کوششیں کریں ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ عام لوگوں کی معلومات کیلئے آئی ای سی کی سرگرمیوں کے ذریعے اپنے سیکٹرز کی کامیابیوں کو اجاگر کریں ۔